کئی شہروں میں بارش ، چمن :سیلابی ریلے نے تباہی مچادی

کئی شہروں میں بارش ، چمن :سیلابی ریلے نے تباہی مچادی

لاہور ،اسلام آباد ،ملتان،کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں، اپنے رپورٹرسے )پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور ،پشاور، کوئٹہ سمیت ملک میں بیشتر مقامات پر گز شتہ 24 گھنٹوں کے د وران آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ، اس دوران جنوبی پنجاب میں میپکو کے 51فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

ادھر بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں ایران سے آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچادی،پنجاب میں 23 اپریل سے بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو گا ۔تفصیلات کے مطابق لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز علی الصبح گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، صوبائی دارالحکومت میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ سمیت دیگر مقامات پر کہیں بوندا باندی تو کہیں موسلا دھار بارش ہوئی ، بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ این ڈی ایم اے نے جاری الرٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں بارشوں کاحالیہ سلسلہ 22 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے ،حالیہ سلسلے کے باعث بلوچستان میں کیچ، قلات، خضدار، آواران ،خیبرپختونخوا میں دیر، مالاکنڈ، صوابی اور نوشہرہ ،پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلابی صورتحال متوقع ہے ۔ علاوہ ازیں جڑواں شہروں سمیت بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں آج (ہفتہ )کو بھی بارش ،شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں