کراچی : بھیک پرحدود کا تنازع، خاتون بھکارن عدالت پہنچ گئی

کراچی : بھیک پرحدود کا تنازع، خاتون بھکارن عدالت پہنچ گئی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )شہر قائد میں گداگر خاتون بھیک مانگنے کے اپنے علاقے میں دخل اندازی کرنے پر دوسرے تین بھکاریوں کے خلاف عدالت درخواست لے کر پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعید آباد کی خاتون نے کراچی ایڈیشنل سیشن جج ضلع غربی کی عدالت میں ایک درخواست جمع کرائی جس میں استدعا کی ہے کہ اس کے علاقے میں دیگر گداگروں کو بھیک مانگنے سے روکا جائے ۔ ‘‘امیر خاتون’’نامی درخواست گزار خاتون نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کے علاقے میں مسلح افراد اسے بھیک مانگنے سے روک رہے ہیں، عدالت ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات دے اوردیگر بھیک مانگنے والوں کو وہاں مانگنے سے  روکا جائے ۔ عدالت نے خاتون بھکارن کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ بھیک مانگنے والا معاملہ انتہائی دکھی کرنے والا ہے ، پتا نہیں کونسی ایسی مجبوری ہے جو فریقین بھیک مانگنے پر مجبور ہوتے ہیں ، عدالت کوئی ایسا فیصلہ نہیں کر سکتی جس کی مانگ غیر قانونی ہو۔عدالت نے مزید کہا کہ مجبوری اپنی جگہ لیکن بھیک مانگنے کے لیے جگہ مختص نہیں کی جاسکتی، عدالت امید کرتی ہے کہ لوگوں کی مشکلات کم ہوں، دونوں فریقین کے لیے دعا ہے کہ ان کی مشکلات کم ہوں۔پولیس کے مطابق درخواست گزار خاتون سعود آباد میں فٹ پاتھ پر بھیک مانگتی تھی، تین دیگر بھکاریوں شفیع، نذیر اور میر گل نے خاتون کو جگہ چھوڑنے کا کہا توبھکارن خاتون نے پولیس میں ہراساں کرنے کی درخواست دائر کی اور مقدمہ درج نہ ہونے پر اس نے عدالت درخواست دائر کر دی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں