بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور

اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگار سے ، کورٹ رپورٹر )احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا کی عدالت نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور کر لیں۔

گز شتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت پیش کیاگیا،دوران سماعت جج ناصر جاوید رانا نے عدالت میں نصب اضافی دیواروں کو فوری ختم کرنے کا حکم دیدیا اور جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جب تک دیواریں ہٹائی نہیں جاتیں سماعت آگے نہیں بڑھائی جائے گی ۔عدالت میں نصب کچھ لکڑی کی دیواروں کو جیل انتظامیہ نے ہٹا دیا،جس کے بعد سماعت کے دوران وکلا صفائی کی جانب سے دوران سماعت میڈیا کو مشکلات سے متعلق درخواست دائر کی گئی،جس پر جج ناصر جاوید رانا نے میڈیا نمائندگان کو روسٹرم پر بلا لیا۔جج نے میڈیا نمائندگان سے سماعت میں درپیش مشکلات سے متعلق استفسارکیا،جس پر انہیں بتایاگیا کہ عدالتی کارروائی سننے میں مشکلات ہیں،اس پر عدالت نے جیل انتظامیہ کو اقدامات کی ہدایت کردی،عدالت نے کہاکہ پہلے آپ یہ بتائیں کیا بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ ہوا ہے ، بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ ڈاکٹر عاصم یونس نے بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ شفاء انٹرنیشنل سے کرانے کی تجویز دی تھی،جیل انتظامیہ پمز ہسپتال سے ٹیسٹ کرانے پر بضد ہیں،کہا جارہا ہے جیل مینوئل کے مطابق سرکاری ہسپتال سے ہی ٹیسٹ کرانے کی اجازت ہے ، عدالت نے استفسار کیاکہ کیا ڈاکٹر عاصم یونس آج آسکتے ہیں، جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ وہ بہت مصروف رہتے ہیں عدالت حکم دے تو بلا لیتے ہیں،عدالت نے کہاکہ انسانی بنیادوں پر بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ نجی ہسپتال سے کرانے کا آرڈر کردیتے ہیں،بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ میرے نام سے باہر کوئی غلط بیان دیا جاتا ہے تو مجھے اسکی وضاحت کرنی پڑتی ہے اسلئے صحافیوں سے بات کرتا ہوں، عدالت نے ریفرنس پر سماعت 23 اپریل تک ملتوی کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں 26 اپریل تک توسیع کر دی۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے بانی پی ٹی آئی کے 3مقدمات پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کے جونیئر وکلا کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی اور استدعا کی کہ سینئر وکیل بیرسٹر سلمان صفدر مصروف ہیں مہلت دی جائے ۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں 26اپریل تک کی توسیع کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی اڈیالہ جیل سے بذریعہ ویڈیو لنک حاضری مکمل کرانے کا حکم دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں