گندم درآمد ‘ مافیا نے 100ارب کمایا، انکوائری ہونی چاہئے : خالد کھوکھر

گندم درآمد ‘ مافیا نے 100ارب کمایا، انکوائری ہونی چاہئے : خالد کھوکھر

لاہور ،راولپنڈی (دنیا نیوز،عمران اکبر،اپنے کامرس رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں )سربراہ کسان اتحاد کونسل خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ گندم درآمد کر کے کاشتکار کے ساتھ پوری گیم کی گئی، مافیا نے امپورٹ کے ذریعے 100 ارب روپے کمائے ، معاملہ کی انکوائری ہونی چاہئے ۔

دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘اختلافی نوٹ’’میں گفتگو کرتے ہوئے خالد کھوکھر نے کہا کہ کاشتکار سچ بول رہے ہیں، گندم امپورٹ کر کے مافیا کو دن دہاڑے فائدہ پہنچایا گیا ،گندم کی امپورٹ میں ملوث افراد کو پھانسی دی جائے ، نگران حکومت میں جن لوگوں نے گندم امپورٹ کی اجازت دی سب قصور وار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی طریقہ کار کے مطابق کاشت کار باردانہ نہیں لے سکتا، دو دن پہلے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوئی، میرے ساتھ دودن کے اندر نیا لائحہ عمل بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا، اُمید ہے وزیراعلیٰ پنجاب کاشتکاروں پر رحم کریں گی ۔خالد کھوکھر نے کہا کہ دنیا میں واحد ملک پاکستان ہے جہاں یوریا کے پانچ ریٹ ہیں، 3500 روپے والی بوری کو ہم نے 5500 میں خریدا ، حکومت کاشتکار سے گندم لینے کے موڈ میں نہیں ۔ادھر حکومت کی جانب سے گندم خریداری میں عدم دلچسپی پر کسان اونے پونے داموں فصل بیچنے پر مجبور ہیں اور مافیا سستی گندم خرید کر خفیہ گوداموں میں ذخیرہ کرنے لگا، مقرر ہ حکومتی نرخوں 3900 روپے پر کسانوں سے کوئی خریداری نہیں کر رہا ، کسانوں سے 3200 سے 3300 روپے تک فی من گندم خریدی جا رہی ہے ۔دوسری طرف لاہور میں بعض مقامات پر روٹی مہنگے داموں فروخت ہو رہی، مختلف علاقوں انارکلی ،شالامار ،مزنگ،سمن آباد،اقبال ٹاؤن ،ملتان روڈ ،جوہر ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں کہیں روٹی 16تو کہیں 20 جبکہ کہیں نان 20کا اور بعض جگہوں پر 30روپے جبکہ کلچہ 35کا فروخت ہو رہا ہے ۔راولپنڈی کی متحدہ نانبائی ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے 16 روپے میں روٹی بیچنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں