پرویز الٰہی کو کہاں رکھنا ، میڈیکل بورڈ کو ر پورٹ پیش کرنیکا حکم

پرویز الٰہی کو کہاں رکھنا ، میڈیکل بورڈ کو ر پورٹ پیش کرنیکا حکم

اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگارسے ، کورٹ رپورٹر )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل سے کہیں اور منتقل نہ کرنے کیلئے دائر درخواست میں پمز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ کو پرویز الٰہی کی صحت کا دوبارہ جائزہ لینے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ میڈیکل بورڈ جیل کا دورہ کر کے کیس کا دوبارہ جائزہ لے۔

آج ہفتے کے روز دورہ کر کے رپورٹ دیں کہ پرویز الٰہی کو جیل میں رکھا جائے یا ہسپتال منتقل کیا جانا چاہیے ، عدالت نے جیل حکام سے پرویز الٰہی کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی،اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے عدالت میں رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایاگیا کہ پرویز الٰہی کا جیل میں علاج کیا جا رہا ہے ،جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دیئے کہ 78 سالہ شخص کی کیا حالت ہو گئی، انکے ساتھ سرکار کیا کر رہی ہے ؟،درخواستگزار وکیل عبدالرازق خان نے کہا جیل میں تو ڈسپرین کی گولی بھی نہیں ملتی کسی اچھے ہسپتال میں منتقل کیا جائے ،جسٹس ارباب طاہر نے کہا رپورٹ کہتی ہے کہ پرویز الٰہی کو اسٹنٹ ڈلے ہوئے ہیں، سانس لینے میں مشکل ہے ،آپکے میرے والد کی طرح ہیں، ہم سب کو تھوڑا انسانیت کے ناطے دیکھنا ہو گا، دوران سماعت پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی روسٹرم پر آ گئیں اورجذباتی ہوگئیں۔جسٹس ارباب طاہرنے وکیل سے کہا آئندہ سماعت پر بتائیں کہ کیا عدالت حکومت کو ہاؤس اریسٹ کیلئے ڈائریکشن دے سکتی ہے ؟،عدالت نے سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے ضمنی الیکشن میں ووٹرز اور پولنگ ایجنٹس کو ہراساں کرنے کیخلاف درخواست پر پولیس کو پرویز الٰہی کے حامیوں کو ہراساں کرنے سے روک دیا،عدالت نے گجرات پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں