کراچی :غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش حملہ ناکام،2دہشتگرد ہلاک

کراچی :غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش حملہ ناکام،2دہشتگرد ہلاک

کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیرملکی شہریوں کی گاڑیوں پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ہوگیا،خودکش دھماکے سے ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ دوسرا دہشت گرد مقابلے میں مارا گیا۔

غیرملکی شہری محفوظ رہے ،دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والا ایک سکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ راہ گیر سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق لانڈھی پروسیسنگ زون میں قائم کمپنی میں ملازمت کرنے والے غیر ملکی شہری کلفٹن سے لانڈھی کی جانب جارہے تھے کہ لانڈھی مانسہرہ کالونی کے قریب پہلے سے گھات لگائے دہشت گردوں نے ان کے قافلے پر حملہ کردیا۔ایک حملہ آور نے غیر ملکی شہریوں کی تین گاڑیوں میں سے ایک گاڑی کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دوسرے کوسکیورٹی گارڈ اور قریب ہی ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے مقابلے میں ہلاک کر دیا۔دہشت گردوں کے خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں دو سکیورٹی گارڈز 45 سالہ نور محمد ولد محمد صدیق، 43 سالہ لنگر خان ولد ساون خان اور 25 سالہ راہگیر سلمان ولد صادق مسیح زخمی ہوگئے جنہیں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ نور محمد دم توڑ گیا جبکہ دوسرا سکیورٹی گارڈ اور راہگیر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ایس ایس پی ملیر طارق مستوئی نے بتایا کہ ‘گاڑی میں پانچ غیر ملکی سوار تھے جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔

پولیس حکام کے مطابق مارے گئے ایک دہشت گرد کی شناخت سہیل کے نام سے ہوئی ،جس کا تعلق بلوچستان سے تھا۔یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھااور اس نے حساس ادارے کا جعلی کارڈبھی بنا رکھا تھا ، حملہ آور نے اوور سیز پاکستانی کا شناختی کارڈ بھی بنوا رکھا تھا،سہیل احمد نے پاکستانی شناختی کارڈ 2017 میں بنوایا، تحقیقاتی حکام نے بلوچستان پنجگور کے علاقے میں ہلاک ملزم اور رشتہ داروں کے گھروں پر چھاپے مارے ، چھاپوں کے دوران کچھ ساتھیوں کو حراست میں لیا گیا ،ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے اومان میں رہائش کی تھی، حملہ آور کراچی میں کب آئے اس کی تحقیقات جاری ہیں۔جبکہ خود کش حملہ آور کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ،اس کی شناخت ڈی این اے یا فنگر پرنٹس سے کی جائے گی ۔پولیس نے بتایا کہ حملے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل جس شخص کے نام پر رجسٹرڈ تھی اسے بھی حراست میں لیا گیا ہے تاہم شہری کا کہنا ہے کہ اس نے کبھی موٹر سائیکل ہی نہیں خریدی، مذکورہ شہری کا شناختی کارڈ جعل سازی سے استعمال کیا گیا ہے ۔

دنیا نیوز نے دہشت گردوں کی ایکسکلوزیو تصاویر حاصل کر لیں۔تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دہشت گردلانڈھی نورمل چورنگی کے قریب 6 بجکر 22 منٹ پر دیکھے گئے ۔دہشت گردعلی الصبح موٹر سائیکل پر علاقے میں موجود تھے جبکہ دوسری سی سی ٹی وی فوٹیج میں غیرملکیوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوتے دیکھا جا سکتا ہے ۔خودکش بمبار کا سراور ٹانگیں ملی ہیں مجموعی طور پر دہشتگردوں سے 6دستی بم اور4 لانچر گرنیڈ برآمد ہوئے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاپولیس کی بر وقت کارروائی سے ہم کسی بڑے جانی نقصان سے بچ گئے ،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے بڑے جانی نقصان سے بچالیا، پوری قوم مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرے گی اور شر پسند عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں