پاک ، ایران کا دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ

پاک ، ایران کا دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) پاکستان اور ایران نے دہشت گرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ کر لیا، یہ فیصلہ دونوں ملکوں کے وزرائے داخلہ کی ملاقات میں کیا گیا۔۔۔

 ایرانی صدر کے ہمراہ آئے ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی نے گزشتہ روز یہاں وزارت داخلہ میں پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں سکیورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی، سمگلنگ، بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال اور دونوں ملکوں کی جانب سے دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا،دہشت گردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے ، دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا،دونوں ممالک کے مابین سکیورٹی معاہدے پر بھی جلد از جلد دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا،ملاقات میں اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا،ایرانی وزیر داخلہ نے اس ضمن میں پاکستانی ہم منصب کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی، دونوں طرف سے قیدیوں کے جرمانے معاف کر نے پر اتفاق کیا گیا ، محسن نقوی نے کہا کہ میرا مقصد ہے کہ ان قیدیوں کی اپنے وطن جلد از جلد واپسی ممکن ہو، اس موقع پر دونوں ممالک نے بارڈر مینجمنٹ ، سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون کو بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں