انتخابات میں عہدیداروں کو ہراساں، گرفتار کیا گیا: اپوزیشن لیڈر، الیکشن کمیشن سے بات کریں: سپیکر

انتخابات میں عہدیداروں کو ہراساں، گرفتار کیا گیا: اپوزیشن لیڈر، الیکشن کمیشن سے بات کریں: سپیکر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں )قومی اسمبلی میں جمشید احمد دستی اورمحمد اقبال کی معطلی ختم کرنے اور ان کی بحالی کی تحریک منظور کرلی گئی ، تحریک وفاقی وزیر قانون نذیر تارڑ نے پیش کی جبکہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ضمنی انتخابات دھاندلی زدہ تھے۔۔۔

 انتخابات کے دوران ہمارے کارکنوں اور پارٹی عہدیداروں کو ہراساں اور گرفتار کیا گیا ۔اس حوالے سے تین ارکان تحریک استحقاق جمع کرائیں گے ۔سپیکرنے کہا کہ انتخابات سے متعلق معاملے پر الیکشن کمیشن سے بات کریں ،استحقاق کے حوالے سے تین ارکان تحریک دیں میں دیکھ لوں گا کہ وہ قابل سماعت ہیں کہ نہیں۔ایوان میں ار تھ ڈے کے حوالے سے قرار داد بھی منظور کرلی گئی ،سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے  امریکا مردہ با د کے نعرے لگائے ، قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 15 منٹ تاخیر سے سپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا۔ رابعہ نسیم فاروقی سے سپیکرنے رکن قومی اسمبلی کا حلف لیا جس کے بعد اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے نکتہ اعتراض پر ضمنی انتخاب کے موقع پر پنجاب پولیس کے سلوک پر استحقاق مجروح ہونے کا معاملہ اٹھایا ۔ عمر ایوب نے کہا کہ اس ایوان کی توہین کی گئی ایک سارجنٹ نے ایم این اے کا راستہ روکا تھا اس کا کیا بنا ہے ؟عبدالقادر پٹیل نے اپوزیشن لیڈر کی تقریر میں مداخلت کی۔سپیکر نے خاموش رہنے کی ہدایت کی۔عمرایوب نے کہاکہ تین ممبران کی توہین کی گئی،ایک رکن کو پنجاب پولیس نے گرفتار کیا ۔ جے یو آئی کی کی عالیہ کامران نے کہا کہ صدف احسان کو ہم نے ٹکٹ نہیں دیا لیکن یہ اسمبلی میں ا ٓکر بیٹھی ہوئی ہیں ان کو باہر نکالا جائے اس پر صدف احسان نے کہا کہ مجھے مولانا فضل الرحمن نے ٹکٹ دیا تھا جس پر میں آج اسمبلی میں موجود ہوں۔ سپیکر نے صدف احسان کو فلور دیا تو جے یو آئی کی خواتین نے احتجا ج کیا ۔شاہد خٹک نے کہاکہ جمہوری طریقے سے احتجاج کرنا غلط بات ہے تو میں بار بار کروں گا ، بانی پی ٹی آئی کو رہا نہیں کریں گے تو ایوان نہیں چلنے دیں گے ۔ وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی تعیناتی حکومت اور اپوزیشن مل کرتے ہیں،آئینی اداروں کے بارے میں ایسی گفتگو متعلقہ فورم پر کی جائے ۔ شازیہ مری نے کہاکہ ہم مسائل پر بات کر رہے ہیں،اگر آپ نے ایوان کو عوام کے مسائل کے لئے استعمال نہیں کرنا تو ہمیں نہ روکیں ،جب آصفہ بھٹو حلف اٹھا رہی تھیں اس دن جو رویہ اختیار کیا گیا وہ نامناسب تھا۔ زرتاج گل نے کہاکہ کیا ملک میں کبوتر اڑا کر ایک دوسرے کو بیانیہ سمجھانا ہے ۔عامر ڈوگر نے کہا کہ اسرائیل بدمعاش اور دہشت گرد ہے ۔ایران نے اسرائیلی جارحیت کو للکارا ہے ۔ ایران نے مسلم امہ کے لیے مثال قائم کر دی ۔ فلسطین کے معاملے پر ہماری خاموشی انتہائی تشویش ناک ہے ۔عامر ڈوگر کے خطاب کے دوران حکومتی ارکان عبدالقادر پٹیل ، طارق فضل اور دیگر نے احتجاج کیا ۔عامر ڈوگر نے کہا کہ جلد وہ وقت آئے گا جب ملک میں عوامی حکومت آئے گی ۔ عبدالقادر پٹیل نے کہاکہ اگر اصل ہیں تو امریکا مردہ کا نعرہ لگائیں سنی اتحاد کونسل نے امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے اور کہا کہ قادر پٹیل صاحب آپ بھی امریکا مردہ باد کا نعرہ لگائیں جس پر انہوں نے نعرہ نہیں لگایا ۔بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس آج تک ملتوی کردیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں