ایئرایمبولینس سروس کا دائرہ کا ر بڑ ھایا جائیگا،تمام تر وسائل عوام پر خرچ کرینگے:مریم نواز

ایئرایمبولینس سروس کا دائرہ کا ر بڑ ھایا جائیگا،تمام تر وسائل عوام پر خرچ کرینگے:مریم نواز

لاہور (اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا ہے کہ صوبے میں ایئر ایمبولینس سروس کا دائر ہ کار بڑھایا جائیگا ،،انسانی جان سے بڑھ کر کچھ نہیں، تمام تر وسائل عوام پر خرچ کرینگے ، ایئر ایمبولینس سروس کو دیگر صوبوں میں بھی ایمرجنسی کی صورت میں مدد کے لئے فراہم کیا جائے گا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی زیر صدارت ایئر ایمبولینس سروس پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ خصوصی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ پہلی ایئر ایمبولینس سروس کے لیے پہلے تربیتی سیشن کا آغاز کر دیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے دوردراز علاقوں میں حادثہ کی صورت میں ایئر ایمبولینس سروس استعمال ہوگی ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز سے اے ڈی ایم ہولڈنگ لمیٹڈ کے وفدنے سینئر ایڈوائزر عمر فاروق کی زیر قیادت ملاقات کی ۔اس دوران صوبے بھرکے سکولوں میں انٹر نیٹ فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ انٹرنیشنل مقابلوں کے لئے ویڈیو گیمنگ سنٹرز کے قیام کے لئے اشتراک عمل پر اصولی اتفاق کر لیا گیا، وفدنے لاہور میں انٹرٹینمنٹ ایرینا، باکسنگ اور فٹ بال اکیڈمی قائم کرنے کی پیشکش کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کو اسباق کی تیاری اور حاضری کے لئے جدید ترین کمپیوٹر ٹیب فراہم کیے جائیں گے ، لاہور کے بعددیگر شہروں میں بھی بتدریج فری وائی فائی پراجیکٹ شروع کیے جائیں گے ۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب سے پاکستان میں ہالینڈ کی سفیر مسز ہینی ڈی وریس نے بھی ملاقات کی ۔ مریم نواز نے ڈچ کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو صوبے میں کاروباری مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ فصلوں کی کاشت، آبپاشی کی تکنیک، اور زرعی مشینری جیسے شعبوں میں نیدرلینڈز سے تعاون کے خواہاں ہیں ۔ ادھر وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے جگر کے عارضہ میں مبتلا پروفیسر ایس ایم منصور کے علاج کیلئے 13 لاکھ روپے امداد کی منظور ی دیدی جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مریم نواز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لاہور کے 50مقامات پر فری وائی فائی سروسز کا آغاز ہوگیا ،الحمدللہ، ہم نے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں