الیکشن میں مبینہ دھاندلی :پی ٹی آئی کے کئی شہروں میں مظاہرے،ریلیاں ،لاہور میں چھاپے

الیکشن میں مبینہ دھاندلی :پی ٹی آئی کے کئی شہروں میں مظاہرے،ریلیاں ،لاہور میں چھاپے

اسلام آباد ، لاہور ، پشاور (نمائندہ دنیا ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ، کرائم رپورٹر ) بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر کئی شہروں میں دھاندلی کے خلا ف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔

 کراچی، لاہور،کوئٹہ، پشاور میں مظاہرے جبکہ عمر کوٹ، ڈی جی خان، سیالکوٹ، بنوں میں ریلیاں نکالی گئیں ، مظاہرین نے بانی کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ سب سے پہلے میں گرفتار ہوں گا ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی نے احتجاج کیا ، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرعلی، اپوزیشن لیڈرعمر ایوب نے ریلی کی قیادت کی جس میں کارکنان نے بھرپور شرکت کی ۔ اس موقع پر عامر ڈوگر، شعیب شاہین، عامر مسعود سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔احتجاجی ریلی سے خطاب میں چیئر مین پی ٹی آئی نے شرکاء سے کہا کہ ہم چاہتے پاکستان ایسا بنے جہاں انصاف ہو، بانی پی ٹی آئی کو پانچ دن میں تین سزائیں ہوئیں۔ اپوزیشن لیڈرعمرایوب خان نے کہا کہ ہمیں اس نظام کوتبدیل کرنا ہوگا، بشمول وزیراعظم سب ہارے ہوئے لوگوں کو جتوایا گیا، ہم قانون اورآئین کی حکمرانی چاہتے ہیں۔پشاور پریس کلب کے سامنے خواتین نے مظاہرہ کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے بینرز اور کتبے اٹھا کر نعرہ بازی کی۔خیبر پختونخوا کے ضلع ملاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بنوں، خیبر سمیت پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن بڑی تعداد میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے سڑکوں پر نکل آئے ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بنیرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کے مطالبات درج تھے ۔مظاہرین نے کہا کہ 8 فروری کو ہونے والے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی گئی ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کو جھوٹے مقدمات میں قید کر رکھا ہے جس کے خلاف وہ سڑکوں پر احتجاج کرنے نکل آئے ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اداروں کی جانب سے ہمیں انصاف نہیں ملتا اس لئے مجبوری کے تحت سڑکوں پر انصاف کے حصول کے لئے احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں اور جب تک بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں ہوتی وہ اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے ۔

پشاور پریس کلب کے سامنے بھی تحریک انصاف کی خواتین ونگ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شریک خواتین کا کہنا تھا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ جلد از جلد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کوممکن بنایا جائے ، انہوں نے حکومت کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔تحریکِ انصاف کے بانی کی ملک گیر احتجاج کی کال پر راولپنڈی میں لیاقت باغ، مری روڈ اور چاندنی چوک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ۔پی ٹی آئی نے احتجاجی مظاہرے کا مقام تبدیل کر کے پیرو دھائی منتقل کیا ۔ لاہور میں پولیس نے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر پی پی 151 ملک حماد علی اعوان کے ڈیرے پر چھاپہ مارا،پی پی 149 کے ٹکٹ ہولڈر حافظ ذیشان کے انتخابی دفتر میں بھی پولیس پہنچ گئی ۔ پولیس ذرائع کے مطا بق شاہدرہ میں ٹکٹ ہولڈر یاسر گیلانی کے گھر پر بھی پولیس نے ریڈ کیا، پی ٹی آئی نے گز شتہ روزنماز جمعہ کے بعد انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا تو کارکنوں سے ز یادہ پولیس کی نفری احتجاج کو روکنے کے لیے آ گئی ۔ مال روڑ سمیت مختلف شاہراہوں پر اینٹی رائیٹ کی نفری کو بھی تعینات کیا گیا ۔ پولیس نے پی ٹی آئی کے متعدد کار کنوں کو حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا ۔ لنڈی کوتل بازار باچا خان چوک میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے تحریک انصاف کے ورکرز کا احتجاجی مظاہرہ ہوا،رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے بڑی سیاسی پارٹی کے بانی کو بغیر کسی جرم کے پابند سلاسل رکھا ہوا ہے ،ملک کے سابق وزیراعظم کیساتھ روا رکھا گیا سلوک قابل مذمت ہے ،مظاہرین نے رہا کرو رہا کرو بانی پی ٹی آئی کو رہا کرو کے نعرے لگائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں