لاہور :2گھر یلو ملازمائیں پر اسرار طور پر جاں بحق:دونوں مالک گرفتار

لاہور :2گھر یلو ملازمائیں پر اسرار طور پر جاں بحق:دونوں مالک گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )مختلف واقعات میں 2گھریلو ملازمائیں پراسرار طورپر جاں بحق ہوگئیں ، دونو ں مالکوں کوگرفتار کرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن وفاقی کالونی میں گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر ہلاک ہو گئی ۔

چونیا ں کی رہائشی گھر یلو ملازمہ 26سالہ علیزہ کی لاش گھر کے صحن سے ملی ۔خاتون کے جسم پر تشدد کے نشانات پا ئے گئے ۔مقتولہ کے منہ اور ناک سے خون نکل رہا تھا، بتایاگیا ہے کہ اسد نے جوہرٹاؤن کے علاقے سمسانی میں کرائے پر گھر لیا تھا اور اسکی بیوی لوگوں کے گھروں میں کام کرتی تھی۔اہلخانہ کے مطابق علیزہ کی ہلاکت کی اطلاع اہلخانہ کی بجائے ایک دوسری ملازمہ نے دی،اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ۔ ہلاک ہونے والی خاتون کے خاوند اسد کا کہنا ہے کہ میری بیوی کو قتل کیا گیا ہے ۔ پولیس اس واقعہ کی تفتیش کرے ، پولیس نے گھر کے مالک کو حراست میں لے لیا ،پوچھ گچھ شروع کر دی ہے ۔ بعدازاں لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ۔ دوسرا واقعہ ملت پارک میں پیش آیا جہاں 9 سالہ گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر جھلس کر جاں بحق ہوگئی، پولیس نے گھر کے مالک کو گرفتار کرلیا۔ زینب ، سلمان نامی شخص کے گھر چند ماہ سے ملازمت کررہی تھی ،جسے آج جھلسی ہوئی حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکی، پولیس نے گھر کے مالک کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزم سلمان نے بیان دیا ہے کہ 9 سالہ زینب گزشتہ روز کچن میں سلنڈر پھٹنے سے جھلس گئی تھی، جسے ابتدائی طبی امداد گھر ہی میں دی جاتی رہی، حالت زیادہ بگڑنے پر اسے ہسپتال لے کر آئے تھے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ملازمہ کے گھر والوں کو بچی کے جھلسنے کی اطلاع نہیں دی، پولیس نے بچی کے ورثا کی درخواست پر تھانہ ملت پارک میں مقدمہ درج کرلیا۔ایس پی اقبال ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بچی کی موت کے اصل حقائق پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئیں گے ۔علاوہ ازیں ڈی آئی جی آپریشنزمحمد فیصل کامران ملت پارک پہنچ گئے جہاں انہوں نے جاں بحق بچی کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں