پرائیویٹ وی آئی پی حج کرنیوالوں کو قریبی مکتب میں رہائش ملنا مشکل

پرائیویٹ وی آئی پی حج کرنیوالوں کو قریبی مکتب میں رہائش ملنا مشکل

لاہور(محمد علی رانا سے)وزارت حج کی سست روی کی وجہ سے پرائیویٹ حج آپریٹرز اس سال وی آئی پی حج پرجانے والے عازمین کو قریبی مکتب میں رہائش مہیا نہیں کر پائیں گے۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال جو لوگ پرائیویٹ حج پر مکتب اے ،بی اور سی لے کر جا رہے ہیں وہ اس بات کے لئے ذہنی طور پر تیار رہیں کہ ان کا مکتب زون فائیو میں بھی ا ٓسکتا ہے اور ہرسال کی طرح جمرات کے قریب مسجد خیف کے آس پاس جگہ دستیاب نہیں ہوگی ۔ سعودی عرب کے نئے پیچیدہ نظام حج کے باعث ابھی تک پرائیویٹ پاکستانی حج کمپنیاں مکتب کیلئے جگہ بک نہیں کر سکی جبکہ حجاج سے وعدہ کیا جاچکاہے کہ ان کا مکتب جمرات کے قریب ہوگا ۔ذرائع کاکہناہے کہ سب کمپنیوں کوشاید اس مسئلے کا سامنا نہ ہوتاہم زیادہ تر حج کمپنیاں اس مسئلے کا شکارہوں گی جن کو زون ٹو یا زون تھری میں بھی جگہ نہ مل سکے گی، زون ون میں تو بہت کم پاکستانی کمپنیوں کو جگہ ملنے کے امکانات ہیں۔واضح رہے کہ سعودیہ نے مکاتب اور زمین کے حصول کا مختلف ممالک کے لئے پہلے سے مختص فیورٹ ایریاز والا سسٹم ختم کر کے پوری دنیا کے ممالک کے لئے پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر سسٹم اوپن کر دیا ، اس بنا پر دنیا کے کئی ممالک وہ فیورٹ لوکیشن لے جا چکے ہیں جو پہلے پاکستان اور بھارت کے لوگ وی آئی پی پیکجز میں حاصل کیا کرتے تھے ۔ سعودی حکومت کی طرف سے حج کے ایگریمنٹس کی جلد تکمیل کا بھی شیڈول جاری کیا گیا تھا لیکن پاکستانی وزارت اس پر بھی توجہ نہ دے سکی ۔ رقم کی ترسیل کا طریقہ کار طے نہ ہونا، حج مشن میں اکاؤنٹس ہینڈلرزکی کمی ایسی رکاوٹیں ہیں جس سے مکتب کی بکنگ کا مسئلہ ہوا۔سیکرٹری وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سید عطاالرحمن نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت نے اس سال قوانین بدلے ہیں،902پرائیویٹ ٹوورآپریٹر زپاکستان میں جبکہ 165کو گروپ کی صورت میں سعودی حکومت نے رجسٹرڈ کیا ۔ سعودی حکومت کے ساتھ سرکاری حج سکیم کے تحت جانے والے حجاج کی رہائش گاہوں کا بندوبست کر لیا گیا ،اس سال سرکاری حج کے تحت بھی حجاج کو مکتب 1سے 5مل سکتا ہے۔ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز نے خود سست روی سے کام لیا،اگر کسی بھی حاجی کی جانب سے شکایت ملی کہ پیسے مکتب 1کے لئے گئے اور فراہم زون 5کیا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ ٹور آپریٹرز اگر پرائیویٹ حج کو کوٹہ کے مطابق نہیں چلا سکتے تو وزارت اگلے سال خود سارے انتظامات کرسکتی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں