اسحاق ڈار کی کرغز وزیر خارجہ سے ملاقات، طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کی درخواست

آستانہ: (دنیا نیوز) کرغز ستان میں بیرون ملک طلباء کے خلاف پرتشدد واقعات کے معاملہ پر اسحاق ڈار کی کرغزستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آستانہ میں کرغز وزیر خارجہ سے ملاقات کی، دوران ملاقات بشکیک کے حالیہ واقعات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، ملاقات میں کرغزستان میں پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کی گئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی بنیادی تشویش اپنے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ ہے، نائب وزیراعظم نے پاکستانی طلباء میں عدم تحفظ اور خوف کے جذبات کا اظہار کیا، اسحاق ڈار نے پاکستانی طلبہ کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کی درخواست کی۔

نائب وزیراعظم نے پاکستانی طلبہ پر حملوں کے ذمہ داروں کا محاسبہ کرنے کی بھی درخواست کی، کرغز وزیر خارجہ نے کہا کہ کرغز حکومت نے امن و امان کی بحالی کے لئے تیزی سے کارروائی کی ہے، فسادات کے مرتکب افراد کو کرغز قانون کے تحت سزا دی جائے گی۔

اسحاق ڈار نے کرغز حکومت، محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا، کرغز وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور پاکستان واپسی کے خواہشمند طلبہ کی بحفاظت وطن واپسی کے لئے مکمل سہولت کے بارے میں یقین دہانی کرائی۔

نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک اس سلسلے میں قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات خاص طور پر توانائی، رابطوں، تجارت اور عوام سے عوام کے درمیان رابطے بھی زیر گفتگو آئے، دونوں معززین نے دو طرفہ ادارہ جاتی میکانزم کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں