پنجاب کا بینہ:کسان کارڈ کے اجراکی منظوری،شادیوں میں ون ڈش پر سختی کی ہدایت

پنجاب کا بینہ:کسان کارڈ کے اجراکی منظوری،شادیوں میں ون ڈش پر سختی کی ہدایت

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر،اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا6 واں اجلاس ہواجس میں وزیر اعلیٰ نے پنجاب بھر میں شادی کی تقریبات میں ون ڈش کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ۔

کابینہ نے کینسر کے مریضوں کے لئے مفت ادویات کی فراہمی بحال کرنے کی منظوری دی اور مفت کینسر ادویات پراجیکٹ میں مزید مریض شامل کرنے پر اتفاق کیاگیا۔کابینہ نے نوازشریف کسان کارڈ کے اجرا کی اصولی منظوری بھی دی۔گندم کے چھوٹے کاشتکار کو ڈائریکٹ کیش سبسڈی دینے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کاشتکار کے لئے پنجاب کے سارے وسائل حاضر ہیں، آڑھتی اور دیگرمڈل مین کو کسان کے استحصال کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ میری نیت ہے اللہ کی مخلوق کیلئے روٹی سستی ہو۔ اجلاس میں فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی اجازت سے مشروط کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کے لئے 10ارب سیڈ منی دینے پر بھی اتفاق کیاگیا۔چینی کمپنیوں کو آئی ٹی سٹی لاہور میں کیمپس قائم کرنے پر قائل کرنے پر سی ای او سی بی ڈی کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔بریفنگ میں بتایا گیا ریاض سے سعودی اکیڈمی بھی آئی ٹی سٹی میں کیمپس کھولنے کے لئے تیارہے ۔آئی ٹی سٹی میں 10 ٹاور بنیں گے ،فوری طور پر ٹوئین ٹاور بنائے جائیں گے ۔ مئی میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کی لانچنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے قابل پروفیشنل لوگوں کا پول بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا فری ا دویات کی گھروں میں فراہمی کا پروگرام مئی میں شروع کر دیا جائے گا۔ کابینہ نے دفعہ 144کے نفاذ کے اختیارات ڈپٹی کمشنر زکو تفویض کرنے کی بھی منظوری دی۔ عوامی نمائندوں کے انتخاب تک بلدیاتی اداروں میں اے ڈی سی آر کی جگہ اے ڈی سی کوچارج دینے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں گاڑی کے لئے پلاٹینم کیٹگری نمبر پلیٹ کی فیس 10لاکھ مقرر کرنے پر اتفاق اور پرسنلائزڈ / وینٹی نمبر پلیٹس کے ڈیزائن کی منظوری کے لئے افسرکی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ہر منسٹری کا پرفارمنس آڈٹ کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ کابینہ نے مری کے نواحی گاؤں پرینہ میں لینڈ سلائیڈ نگ سے متاثرہ افراد کی مالی امداد کیلئے فنڈز کی منظوری دی،10لاکھ روپے فی گھر ملیں گے ۔

محکمہ سپیشلائز اینڈ ہیلتھ کیئر میڈیکل ڈیپارٹمنٹ، ٹیچنگ ہسپتالوں اوردیگر فیلڈ آفیسز کیلئے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلزکی کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی ،پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹیٹیوشن ایکٹ 2003 کے تحت گوجرانوالہ میڈیکل کالج اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز کے بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل کرنے ،محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے آئی آر ایم این سی ایچ اورنیوٹریشن پروگرام کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع ،ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن، ڈی جی ایچ ایس پنجاب،لاہورمیں کنٹریکٹ تعیناتی میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ نے محکمہ توانائی کے ری کنسیلی ایشن سیل کے 14ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دیدی۔وزیراعلیٰ نے ایڈووکیٹ جنرل کوکنٹریکٹ پالیسی میں ترمیم کی ہدایت کی کہ کسی کنٹریکٹ میں توسیع کابینہ کی منظوری کے بغیر نہیں ہوگی۔ضلع چکوال کے علاقے چوا سیدن شاہ کے سیمنٹ پلانٹ پراجیکٹ میں 350ملین ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری ،3 نئے سیمنٹ پلانٹ قائم کرنے اور چار پلانٹس کی توسیع کرنے کیلئے این او سی کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔مہاجر برانچ کینال فتح پور مہرہ ضلع خوشاب سے سوڈا ایش پلانٹ کے لیے پانی کی فراہمی کیلئے براہ راست آؤٹ لٹ کی درخواست منظور کر لی گئی ۔وزیراعلیٰ نے مہاجر برانچ کینال کی ری ماڈلنگ کی ہدایت کی اور کہا پنجاب میں جو انڈسٹری لگانا اور سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اسے روکنا نہیں چاہئے ۔ محمد افضل کھوکھر کی پنجاب ماڈل بازارمینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر کی حیثیت سے تعیناتی ،سموگ کے سدباب کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے قیام اورپنجاب اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کے سالانہ کیلنڈر کی بھی منظوری دی گئی ۔یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے سرچ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سی ای او فیڈمک کی برطرفی اور قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پراسیکیوٹرز کی پروفیشنل قابلیت کے لئے سیٹ آف سکلز پیش کیا گیا۔اجلاس میں پنجاب انٹی گریٹڈ پبلک پراسیکیوشن سسٹم نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔دریں اثنائوزیراعلیٰ سے مختلف اضلاع کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی ۔وزیر اعلیٰ نے کہا عوام کو سستا آٹا اور روٹی فراہم کررہے ہیں ۔ کسانوں کے لئے 400ارب روپے کا پیکیج لارہے ہیں۔ ملاقات کرنے والوں میں ریاض الحق جج، اختر علی خان، قیصر اقبال سندھو، محمد نوازشامل تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں