ایل ڈی اے،200کچی آبادیوں کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ

 ایل ڈی اے،200کچی آبادیوں کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ

لاہور (شیخ زین العابدین) لاہور کی 200 سے زائد کچی آبادیوں کی سنی گئی، 10 سال بعد ایل ڈی اے کے زیر انتظام کچی آبادیوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، ڈی جی ایل ڈی اے نے 7روز میں کچی آبادیوں کی اپ گریڈیشن فزیبلٹی جمع کر انے کا حکم دے دیا۔

ابتدائی طور پر دو ماڈل کالونیوں میں پانچ لاکھ رہائشیوں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق اور ترقیاتی کاموں میں ترجیح دینے کا اعلان کیا جس پر ایل ڈی اے نے بھی کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق دینے پر کام شروع کر دیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ایڈیشنل ڈی جی کچی آبادی کو ذمہ دار تفویض کر دی، 200کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق اور ترقیاتی کاموں کے لئے کام کا آغاز کر دیا گیا۔ ایل ڈی اے نے 2کچی آبادیوں کو ماڈل بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ خان کالونی نزد ماڈل ٹاؤن کچہری اور نواز شریف کچی آبادی فیروز پور روڈ کو ماڈل بنایا جائے گا۔کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو بنیادی و تفریح کی سہولیات فراہم کی جائینگی۔کچی آبادیوں میں پی سی سی، واٹر سپلائی ،سیوریج کا کام کیا جائے گا۔ ماڈل کچی آبادیوں میں ٹریفک روانی کو بہتر بنانے کیلئے سائن بورڈز لگائے جائیں گے ، تجاوزات کا خاتمہ اور سڑکوں پر لین مارکنگ کا کام بھی کیا جائے گا۔ مساجد کے گرد سبزے میں اضافہ کیا جائے گا۔کچی آبادیوں میں اراضی کو مدنظر رکھتے ہوئے پارکوں کی سہولت بھی دی جائے گی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں