گنڈا پورکو اثاثوں بارے بھیجا گیا الیکشن کمیشن کا نوٹس معطل

 گنڈا پورکو اثاثوں بارے بھیجا گیا الیکشن کمیشن کا نوٹس معطل

راولپنڈی ، اسلام آباد، پشاور(خبرنگار، اے پی پی) پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو اثاثوں کی وضاحت کیلئے بھیجا گیا الیکشن کمیشن کا نوٹس معطل کردیا۔

جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل 2رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی،علی امین کے وکلا نے مؤقف اختیارکیاکہ الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو 2022-23کوگوشواروں کی وضاحت کیلئے نوٹس جاری کیا ،پچھلے سالوں کے گوشواروں کی وضاحت مانگناالیکشن کمیشن کا اختیار نہیں ، 2024 کے گوشوارے میں اثاثہ جات کی وضاحت دی گئی ہے اوریہ سب چیزیں الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 22 مئی کو آئندہ سماعت پر جواب بھی طلب کرلیا۔ادھر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی فیصل رشید نے موٹر وے چوک بلاک کرکے کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمہ میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت میں 15مئی تک توسیع کر دی۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے سالانہ گوشواروں میں غلط بیانی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی ، ڈی جی پولیٹیکل فنانس مسعود اختر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔ گنڈا پور کے وکیل بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔ الیکشن کمیشن نے ان کے خلاف کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں