حکومت گندم خریداری پر ٹال مٹول سے کام لے رہی، حافظ نعیم

حکومت گندم خریداری پر ٹال مٹول سے کام لے رہی، حافظ نعیم

لاہور(این این آئی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت منصورہ میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور کسانوں کے مطالبات کے حق میں احتجاج کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ حکومت کسانوں سے گندم خریداری کے وعدہ پر ٹال مٹول اور چشم پوشی سے کام لے رہی ہے ،حکمران سنجیدہ نہیں اور کسانوں سے کیے گئے وعدے اور اعلانات کو پورا نہیں کر رہے ۔مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوا رٹرز میں احتجاجی کیمپس کا سلسلہ جاری رہے گا،وزیر اعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ اور دھرنا کے معاملہ پر نائب امیر لیاقت بلوچ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو کہ حتمی تیاریوں سے متعلق امور طے کر ے گی اوربعد میں امیر جماعت اس سلسلے میں اعلان کریں گے ۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر کسانوں کے مطالبات کے حق کے لیے پنجاب اور سندھ کے اضلاع میں پیر کو چوتھے روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہا اور مختلف مقامات پر لگائے گئے احتجاجی کیمپس میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں، کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 20 سے زائد مقامات پر احتجاجی کیمپس لگائے گئے۔ گوجرانوالہ، فیصل آباد، جہلم، راولپنڈی میں احتجاجی کیمپوں میں کسانوں نے نعرے بازی کی اور اپنے مطالبات پیش کیے۔ سندھ میں جیکب آباد، ڈھر کی، گھوٹکی، میر پور خاص سمیت مختلف اضلاع میں احتجاجی کیمپ لگے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں