5گھنٹے اجلاس ،سی ایم ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے:مریم نواز

5گھنٹے اجلاس ،سی ایم ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے:مریم نواز

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں پانچ گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ایم سپیشل پراجیکٹس اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 33 سی ایم ترجیحی ترقیاتی پراجیکٹس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے ، بروقت تکمیل کے لئے دن رات محنت کی جائے اور پوری توجہ دی جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر لاہور کا پہلا فیز سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اوپی ڈی دسمبر 2025 میں کھولنے کا حکم دیدیا۔اجلاس میں ملتان وہاڑی روڈ،چیچہ وطنی تا چوک اعظم، ساہیوال سمندری،بہاولپور تا جھانگرہ،فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا روڈ کی تعمیر و توسیع کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے تمام محکموں کے لئے ایک ہی کمپلینٹ نمبر مخصوص کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ماحول دوست بسوں کی مقامی سطح پر تیاری کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیلتھ سیکٹر میں 145 ارب روپے کی لاگت سے 7 میگا پراجیکٹ زیر تکمیل ہیں۔ دیہی اور بنیادی مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کا پہلا مرحلہ اکتوبر میں مکمل کر لیا جائے گا۔

بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ جون تک مکمل کر لی جائے گی۔ پنجاب میں اہم روٹ پر5-ایکسپریس ویز 176 ارب روپے لاگت سے بنیں گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لاہور میں 204 بیڈ کے تین منزلہ سیف سٹی ہوسٹل کی تعمیر اسی ماہ شروع ہوگی، اضلاع میں سمارٹ سیف سٹی یکم جنوری تک فنکشنل ہوں گے ۔ پنجاب میں ساٹھ لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔ شجر کاری میں لگائے پودوں کی مانیٹرنگ کے لئے جی آئی ایس چیکنگ اوروائلڈ لائف سروے کرا نے کا فیصلہ کیا گیا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں آئی ٹی سٹی میں سلیکون کلسٹرپر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز کوپنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے مختلف پراجیکٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں پنجاب کے آٹھ شہروں میں سی بی ڈی بزنس سنٹرز قائم کرنے پر اتفاق اورپنجاب رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے قیام کے لئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوا زشریف نے آئی ٹی سٹی کے لئے چین، جنوبی کوریا اور سعودی عریبین کمپنیوں سے ڈیل فائنل کرنے اور سی بی ڈی پراجیکٹ پر سال بہ سال ٹارگٹ مکمل کرنے اور پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سیالکوٹ میں سٹی آف سپورٹس قائم کرنے کی تجویز اور سٹیڈیم بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ لاہور کلمہ چوک پر سی بی ڈی گرینڈ سنٹرل سٹیشن قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں