نواز شریف میرے دوست،وہ موجودہ صورتحال سے پریشان:فضل الرحمٰن

نواز شریف میرے دوست،وہ موجودہ صورتحال سے پریشان:فضل الرحمٰن

اسلام آباد(آئی این پی )جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پشاور کا جلسہ ضرورکریں گے ،ہم اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

پشاور جلسے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے ،ہمارے ملین مارچ کا9 مئی کے واقعات سے تعلق نہیں،جے یوآئی پورے ملک میں عوام کی قیادت کریگی، ہم ہی ملک میں تبدیلی لائیں گے ،تحریک انصاف سے معاملات بنتے ہیں توبہت اچھی بات ہے ، ہم نے شخصی طورپر کسی کی توہین نہیں کی ، ن لیگ اور جے یو آئی دوست رہنا چاہتے ہیں۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے وفود آئے ہم نے انکا روایت کے مطابق خیرمقدم کیا ، تحریک انصاف اور ہمارے درمیان پہاڑ کھڑے تھے ،ہمارے ہاں ایک سوال ہے کہ پی ٹی آئی ایک پیج پرکیوں نہیں ۔ پی ٹی آئی کے ایک دو لوگو ں کے بیانات آجاتے ہیں ہم ان کا نوٹس نہیں لے رہے ، ہمارے پاس آنے والے ہی ہمارے لئے پی ٹی آئی ہے اور ہم اپنی بات پرقائم ہیں ۔اگر پی ٹی آئی کو اکثریت ملی ہے تو انہیں حکومت دیدیں۔نوازشریف میرے دوست اور بھائی ہیں مجھے اندازہ ہے وہ بھی اس صورت حال سے پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں راز وں کا بڑاخیال رکھتا ہوں ،احترام کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا ہمیں بھی کہا گیا کہ سیاسی جماعتیں ہمارے ساتھ کھیل رہی ہیں ،کوئی ہمیں راستے میں چھوڑتا ہے تو یہ ان کا رویہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اپنے اپنے امیدوار کھڑے کرتی ہے ، آزاد امیدوار کھڑاکرتی ہے یا پارٹی سے ٹکٹ دلواتی ہے ،2008ء میں ہمیں پتہ ہی نہیں تھا کہ اسٹیلشمنٹ کا بھی کردارہوتا ہے ،ایک ساتھی نے کہا جتنے چاہے بڑے جلسے کرو،سیٹیں وہی ملیں گی جو وہ دیں گے ۔انہوں نے کہا مجھے حکومت میں چیئرمین سینیٹ بننے کی پیش کش ہوئی تھی لیکن میں نے انکار کردیا اور پھر یوسف رضا گیلانی بن گئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں