جوڈیشل کمیشن رجیم چینج ،مینڈیٹ چوری کی تحقیقات کرے :پی ٹی آئی

جوڈیشل کمیشن رجیم چینج ،مینڈیٹ چوری کی تحقیقات کرے :پی ٹی آئی

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف نے 9 مئی واقعات سمیت سائفر کیس اور عمران خان پر حملے سے متعلق غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا ہے ۔

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رئوف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کہاکہ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، خطرہ اس کو ہوتا ہے جو چیز موجود ہو اس وقت ملک میں شخصی آمریت ہے ، ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن رجیم چینج، سائفر، بانی چیئرمین پر حملہ، آڈیو لیکس،8 فروری کے انتخابات میں مینڈیٹ چوری،جبری طلاقیں اور سیاسی انجینئرنگ پر بھی تفتیش کرے ۔ رؤف حسن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے فوج کے حق میں بیانات دیئے ہیں، انہوں نے کہا ہے فوج بھی میری ہے یہ جوان بھی میرے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لیے انتشاری ٹولے کا لفظ استعمال کیا گیا، پی ٹی آئی کبھی انتشار نہیں پھیلاتی ۔رئوف حسن نے واضح کیا کہ ہمارے لاکھوں کے مجمعے میں کوئی گملا نہیں ٹوٹا، ، 9 مہینے سے ہمارا قائد قید میں ہے ، عوامی حمایت اُس کے ساتھ ہے جو اڈیالہ میں بیٹھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں 7 فی صد لوگوں نے ووٹ دیا ، اپنی جماعتوں کو کہیں 2 ہزار بندہ اکٹھا کریں ہم 2 لاکھ اکٹھا کریں گے اس موقع پر نعیم حیدر کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد ہیں تو انہیں فوری منظر عام پر لایا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں