سعودی وفد کا دورہ ملکی معیشت کیلئے اہم سنگ میل :شہباز شریف

سعودی وفد کا دورہ ملکی معیشت کیلئے اہم سنگ میل :شہباز شریف

اسلام آباد (نامہ نگار ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہائوس میں ہوا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاو نگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی سرمایہ کار وفد کی پاکستان آمد سعودی عرب اور پاکستان کے معاشی تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہم پیشرفت ہے۔

سعودی وفد کا کامیاب دورہ ملکی معیشت کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت ہوا بازی کی سفارش پر ا یئر سیال کو چین، ملائشیا ، سری لنکا ، تھائی لینڈ، ترکیہ ، برطانیہ اور کویت میں فلا ئٹ آپریشنز شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق گندم سکینڈل سے متعلق وفاقی کابینہ میں رپورٹ پیش نہ ہوسکی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے شہبازشریف نے سعودی عرب کے کاروباری وفد کے کامیاب دورے کو ملکی معیشت کے لئے اہم سنگ میل قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی کمپنیوں نے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا ہے ۔ سعودی وفد کے سربراہ نے جس انداز میں پاکستانی حکام کی تعریف کی اس سے بے حد خوشی ہوئی ہے اور برادر ملک سعودی عرب کے وفد نے جس گرمجوشی کا مظاہرہ کیا وہ میرے لئے باعث فخر ہے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ٹریک اینڈ ٹریڈ سسٹم کے نفاذ میں غفلت کے مرتکب افسروں کی نشاندہی کرنے کے لئے قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی گئی،وزیراعظم نے سنگین غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے اعلی ٰسطح کا اجلاس ہوا ۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹریک اینڈ ٹریڈ سسٹم میں ناقص منصوبہ بندی اور نفاذ کے حوالے سے غفلت کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا، اتنے اہم قومی منصوبے کے نفاذ میں جلد بازی کر کے اہم شقوں کو نظر انداز کیوں کیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے ان کے چچا شیخ طہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔دونوں رہنماؤں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے باہمی طور پر متفقہ تاریخ پر جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ دریں اثنا وزیرِ اعظم سے پاکستان میں جاپانی کمپنیوں و کاروباری شخصیات کے وفد نے جاپانی سفیر کی قیادت میں ملاقات کی ، جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ جاپان اور پاکستان دیرینہ دوست ممالک ہیں ان کے مابین تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیں، جاپانی صنعتکاروں اور تاجروں کو درپیش تمام مسائل پر مل کر قابو پائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں