23 لاکھ میٹرک ٹن گندم موجود ، اگلے سال کیلئے کافی :بلال یاسین

23 لاکھ میٹرک ٹن گندم موجود ، اگلے سال کیلئے کافی :بلال یاسین

لا ہور (سیاسی رپورٹرسے )وزیرِ خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں 23 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا کیری فارورڈ سٹاک موجود ہے جو اگلے سال کیلئے کافی ہے ، عوام کو آٹے اور روٹی کی قیمت میں تاریخی ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔

 ایک ماہ کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 1000 روپے سستا ہوا، 20 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ میں 1700 سے 1800 روپے جبکہ 10 کلو کا تھیلا 900 روپے میں دستیاب ہے ، صوبہ بھر میں روٹی اور نان کم کی گئی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر دستیاب ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیرِ زراعت سید عاشق حسین کرمانی، وزیرِ خزانہ مجتبیٰ   شجاع الرحمن، سیکرٹری خوراک پنجاب معظم اقبال سپرا، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب شعیب جدون سمیت متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ بلال یاسین نے مزید کہا کہ حکومت کی پوری توجہ غریب آدمی کے ریلیف پر مرکوز ہے اور بھرپور حکمت عملی سے روٹی کی قیمت کم کر کے دکھائی ،نگران دور میں گندم کی غیر ضروری درآمد سے کاشتکار کیلئے بحران پیدا ہوا، معاملے کی انکوائری کیلئے وزیراعظم نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی جو جلد رپورٹ پیش کرے گی، حکومت رپورٹ پبلک کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لینے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ بلال یاسین نے کہا کہ کاشکاروں کی سہولت کیلئے اس بار گندم کی بین الاضلاعی اور بین الصوبائی نقل و حمل کی اجازت دی ، حکومت نے فلور ملوں اور پرائیویٹ سیکٹر کو بھی گندم کی خریداری کی ترغیب دی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں