سانحہ9مئی دوبارہ نہیں ہونے دینگے:وزیر اعظم

سانحہ9مئی دوبارہ نہیں ہونے دینگے:وزیر اعظم

اسلام آباد،لاہور (نامہ نگار،سٹاف رپورٹر، سیاسی رپورٹرسے ،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے قوم سے وعدہ ہے سانحہ 9مئی دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعظم نے سانحہ 9مئی کو ایک سال مکمل ہونے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خصوصی پیغام میں کہا 9مئی محض تاریخ کا ایک سیاہ دن نہیں ہے یہ دن ریاست پر سیاست قربان کرنے اور سیاست کیلئے ریاست پر حملہ کردینے والی دو سوچوں کو الگ الگ کر دینے والا دن ہے ۔انہوں نے کہا ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے ، ان کے عظیم اہل خانہ، محب وطن عوام ہیں اور دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے وہ کردار ہیں جن کے دل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں۔شہبازشریف نے کہا ان کی آنکھ میں قومی یادگاروں، ریاستی اداروں، آئین، قانون کیلئے کوئی عزت وشرافت نہیں، ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے ، وعدہ ہے ارض پاک، عظیم شہدا، اُن کے ورثا اور قوم سے 9 مئی پھر کبھی نہیں ہوگا۔وزیراعظم نے کہا ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دینا ہے ۔ دوسری جانب حکومت نے آج 9 مئی کو شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس سلسلے میں جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ‘بے حرمتی ہونے نہیں دینا اب دوبارہ’کے عنوان سے خصوصی تقریب ہوگی۔جس میں وزیر اعظم، وفاقی وزرا اور ارکان پارلیمنٹ شریک ہوں گے جبکہ آرمی چیف اور عسکری قیادت کی شرکت کا بھی امکان ہے ۔ شہباز شریف شہدا کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔تقریب کا اہتمام شہباز شریف کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے ۔ شہدا کی یاد میں بڑی تقریب میں پاک فوج، پولیس، سکیورٹی اداروں اور دہشتگردی کا مقابلہ کرنے والے شہدا کے اہل خانہ شرکت کریں گے ۔ادھر وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا جس میں 9 مئی کے حوالے سے حکومتی پالیسی کی منظوری دی جائے گی۔ کابینہ اجلاس میں شہدا سے اظہار یکجہتی اور 9 مئی کو سیاہ دن قرار دیا جائے گا۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان اسمبلیوں کے اجلاس بھی آج طلب کرلیے گئے ۔ اجلاسوں میں سانحہ 9 مئی پر مذمتی قراردادیں پیش کی جائیں گی ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس حکومتی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے جو دو بجے قائم مقام سپیکر کی زیر صدارت ہوگا ۔اجلاس میں حکومتی رکن راحیلہ خادم کی جانب سے جمع کرائی گئی سانحہ 9مئی سے متعلق مذمتی قرارداد ایوان سے منظور کروائی جائے گی ۔ قرارداد میں کہاگیاہے کہ انتشاری ٹولہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے اور انتشاری ٹولہ کا سربراہ مسلسل ریاست کے خلاف زہر اگل رہا ہے ، نو مئی کے کرداروں کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے ۔

صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، تشدد کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہئے ۔صدر مملکت نے اپنے بیان میں 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا اور سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔ ان واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر ہوا اور پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے ، حملے ریاستی رٹ ، قانون کی حکمرانی اور اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش تھے ۔صدر نے کہا کہ پرامن مظاہرے اور تعمیری تنقید جمہوریت کی روح ہیں، آئین پاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق دئیے گئے ہیں جنہیں آئین اور قانون کے مطابق انتہائی ذمہ داری سے استعمال کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی حقوق کا غلط استعمال کرکے تشدد پر اکسانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔ موجودہ سیاسی صورتحال متقاضی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں رواداری ، جمہوری اقدار کے فروغ ، سیاسی مذاکرات اور قوم کی درست سمت میں رہنمائی کیلئے کام کریں۔

صدر آصف علی زرداری نے مسلح افواج اور اس کے اداروں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کے دفاع میں پیش پیش رہی ہیں۔اپنے پیغام میں صدر مملکت نے اداروں کیخلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا 9 مئی کو پاکستان کے خلاف گھناؤنی سازش کی گئی، عدلیہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ 9مئی کے مقدمات منطقی انجام تک کیوں نہیں پہنچے ؟۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ،ملکی دفاع کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ،واقعات منظم سازش کے تحت کئے گئے ،یہ پاکستان کی سلامتی، وقار اور ترقی کے خلاف گھناؤنی سازش تھی، 9 مئی ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا،یہ دن قوم کبھی نہیں بھولے گی ،جو لوگ اس گھناؤنی سازش میں ملوث تھے ان کے چہرے بے نقاب کریں گے ۔عطاتارڑ نے کہا کہ 9مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں ، سیاسی معاملات جیسے بھی ہوں کسی بھی سیاسی جماعت نے ملک پر آنچ نہیں آنے دی، ایک سیاسی ٹولہ اپنے مفادات کی خاطر ملک پر حملہ آور ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آج 9 مئی کے دلخراش وا قعہ کو ایک سال مکمل ہوجائے گا، اس ملک کی سالمیت سے ہمارا سب کچھ جڑا ہے ، اقتدار سنبھالنے کے بعد دوست ممالک سے تعلقات بحال کئے ، ان شااللہ اب ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہم سیاسی لوگ ہیں، بات چیت کے دروازے بند نہیں کرتے ،اگرپی ٹی آئی سے کوئی گفتگو ہونی ہے توا س میں سرفہرست 9 مئی ہوگا۔ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی 9مئی کی کبھی اونرشپ لیتی ہے تو کبھی ڈس اون کر دیتی ہے ،اب ان کی طرف سے کہا جارہا ہے کہ 9مئی ہم نے نہیں بلکہ کسی اور نے کیا ہے ۔انہوں نے کہا 9مئی کے سارے کردار سکرین پر نظرآئے ہیں،یہ خود ہی بتا دیں اگر یہ لوگ پی ٹی آئی کے نہیں تو کس کے ہیں؟ جس نے کور کمانڈر کی یونیفارم پہن کر نعرے لگائے وہ کون تھے ؟۔جنہوں نے شہدا کے مجسمے توڑے ، جولوگ جناح ہائوس میں داخل ہوئے وہ کون تھے ، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اعتراف جرم کیا ہوا ہے جو ریکارڈ پر ہے ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی سے یہ پوچھا جائے کہ امپائر کون ہے ؟ ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں