وزیر اعظم کا ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان

وزیر اعظم کا ملک بھر میں تعلیمی  ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کا سکول نہ جانا بڑا چیلنج ہے۔

پاکستانی قوم عزم و حوصلہ سے کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے ، ملک میں تعلیم کے شعبہ کی خود نگرانی کروں گا، ہم یکسو ہو کر چلیں تو پاکستان ہر شعبے میں اپنا نام پیدا کرے گا۔ شعبہ تعلیم سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان کو ترقی کی راہ پر موڑنے کے لیے کئی مواقع سامنے آئے ہیں، کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہے ۔انہوں نے کہا یہ بات میں پوائنٹ سکورنگ کے لیے نہیں کر رہا، ہم لازمی 2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کو سکول میں داخلہ کرائیں گے ، میں تمام وزرائے اعلیٰ سے ملوں گا، تعلیم کے بغیر کردار نہیں بن سکتا، تعلیم کے بغیر انڈسٹری نہیں چل سکتی۔وفاقی وزیرتعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا تعلیم کا شعبہ فور ی توجہ کا متقاضی ہے اتنی بڑی تعداد میں بچوں کا سکول سے باہر ہونا تشویش کی بات ہے ۔پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ کا کہنا تھا پاکستان میں بچوں کی بڑی تعداد کے سکول سے باہر ہونے پر تشویش ہے ، دنیا کے کسی ملک میں اتنے بچے سکول سے باہر نہیں ہیں جتنے پاکستان میں ہیں۔

پاکستان کو تعلیم کے بحران کا سامنا ہے ۔جین میریٹ کا کہنا تھا وزیر اعظم صاحب، آپ کے دو طرفہ شراکت داروں کے طور پر ہم آپ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا عہد کریں کہ 2030 تک ہر بچہ 10 سال کی عمر تک پڑھنے اور سیکھنے کے قابل ہو جائے گا۔ میں اس بات کی یقین دہانی کرواتی ہوں کہ برطانیہ پاکستان کو تعلیم کے شعبے کے لیے آخری حد تک مدد فراہم کرتا رہے گا ۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے ملاقات کی جس میں تجارت، معیشت، سکیورٹی، دفاع، سماجی روابط اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ازبک وزیر خارجہ نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی طرف سے وزیر اعظم شہباز شریف کو ازبکستان کے دورے کی دعوت دی۔دریں اثنائوزیراعظم شہباز شریف نے تکنیکی و فنی تعلیم کو یکساں کرنے اور بیرون ملک پاکستانی افرادی قوت کے بہتر روزگار کیلئے پاکستان سکل کمپنی اور سکل ڈویلپمنٹ فنڈ کے قیام اور تکنیکی و فنی تربیت کے شعبے میں اصلاحات کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کردی ۔

اجلاس میں وزیر اعظم کواین اے وی ٹی ٹی سی کے پاکستان میں افرادی قوت کی تکنیکی و فنی تربیت کے حوالے سے اقدامات کے بارے بتایا گیا۔ وزیراعظم نے کہا ایسی کمپنیوں اور لوگوں کی نشاندہی کی جائے جو پاکستانی افرادی قوت کو دھوکہ دے کر ان کو معاشی نقصان پہنچاتے ہیں۔ ایسے عناصر دنیا بھر میں پاکستان کی سبکی کا باعث بنتے ہیں۔پاکستان اور عالمی بینک اصلاحات اور ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے ایک نئے مضبوط اور پرجوش کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر کام کرنے پر متفق ہو گئے ۔ بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف سے جنوبی ایشیا کے لئے ورلڈ بینک کے علاقائی نائب صدر مارٹن رائسر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ مارٹن رائسر کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی ترقی میں عالمی بینک کے تعاون کو سراہا۔اقتصادی اصلاحات پراعلٰی سطحی مذاکرات کے دوران پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان طویل المدتی شراکت داری معاہدے پر دستخط ہو گئے ۔ سیکرٹری اقتصادی امورڈاکٹر کاظم نیاز اورکنٹری ڈائریکٹرز ورلڈ بینک نے دستخط کئے ، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اقتصادی امور احد چیمہ بھی تقریب میں موجود تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں