9مئی کیلئے تین ،چار ماہ پلاننگ ہوئی ،دہشتگردوں سے ٹریننگ دلوائی گئی:مریم نواز

9مئی کیلئے تین ،چار ماہ پلاننگ ہوئی ،دہشتگردوں سے ٹریننگ دلوائی گئی:مریم نواز

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک، صباح نیوز،آئی این پی،اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پچھلے سال 9مئی کو جناح ہاؤس پر حملہ کیاگیا، جو تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔

مجھے کہا جاتا ہے 9مئی میں ملوث خواتین کو کیوں نہیں چھوڑتیں ،یہ لوگ کہتے ہیں ہم اس واقعہ میں شامل نہیں،آپکے لوگوں نے ، آپکی فیملیز نے آپکی کال پر لبیک کہا اور9مئی کو دہشت گردی کی،9مئی کے واقعہ کی 3چار ماہ پلاننگ کی گئی،ملوث افراد کو دہشت گردوں سے باقاعدہ ٹریننگ دلوائی گئی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جناح ہاؤس کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ 9مئی کو دہشت گرد جماعت نے منظم طریقے سے دہشت گردی کی۔عدلیہ اورمیڈیا سے سوال ہے کہ9مئی کے دہشت گردوں کو اب تک سزا کیوں نہیں ملی؟ ، ہم سے کہا جاتا ہے ان سے بات کریں،یہ دہشت گردجماعت ہے ،دہشت گردوں سے کیسے بات کریں ،9مئی کے دہشت گردوں نے جو بویا وہی کاٹ رہے ہیں ، پاک فوج کے صبر و تحمل کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاسی دہشت گردوں نے وحشیانہ تخریب کاری کر کے قوم کا سر شرم سے جھکا دیا، قومی مجرموں کو عبرت ناک سزائیں ملنی چاہئیں ۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نئی تعمیر کردہ جناح گیلری کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ نے شہداء کے والدین سے ملاقات کی اور شہداء کی یاد میں شمع روشن کی ۔ مزید برآں سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت پنجاب میں مہنگائی 36 فیصد سے کم ہوکر17 فیصد پر آ گئی ، لاہور میں 26 کنال پر خصوصی بچوں کیلئے سنٹر آف ایکسی لینس بنایا جائے گا۔

اجلاس میں ہر ضلع میں سپیشل ایجوکیشن سنٹر آف ایکسی لینس بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔وزیراعلٰی پنجاب نے پہلے فیز میں 14اضلاع میں سنٹر آف ایکسی لینس کیلئے 651 ملین فنڈز کی منظوری دیدی ۔ وزیر اعلیٰ نے خصوصی بچوں کیلئے تربیت یافتہ ٹیچنگ سٹاف بھرتی کرنے کا حکم دیا اوروزیر خزانہ کو سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مطلوبہ فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ علاوہ ازیں کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا تعین کرنے کیلئے ایمیشن این ای لائزر کیلئے اوراپر مال پر کمشنر ہاؤس کے قیام کیلئے فنڈز،محکمہ مال کے سیٹلمنٹ اینڈ ری ہیبلی ٹیشن ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے فنڈز ، سی ٹی ڈی کو جدید سکیورٹی آلات کی خریداری کیلئے فنڈز ،فیلڈ ہسپتالوں کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ اورکلینک آن ویلزپروگرام کیلئے فنڈز ،چولستا ن میں 2500 قبل مسیح کے ‘‘گنویری والہ’’گاؤں آرکیالوجی ایکسی ویشن کیلئے 20 ملین کے فنڈز اور گاڑیوں کی ریٹرو ریفلکٹو نمبر پلیٹس کیلئے فنڈزکی بھی منظوری دیدی گئی ۔ انٹرنیشنل انڈر گریجویٹ سکالرشپ اور لوکل سکالرشپ پروگرام کی منظوری دی گئی۔مزید برآں وزیر اعلیٰ روشن گھرانہ پروگرام کیلئے فنڈز کی منظوری بھی دے دی گئی جس کے تحت 100 یونٹ پرٹیکٹڈ صارفین کو سولر سسٹم دیا جائے گا۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازسے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زو ر دیا گیا ۔اس موقع پر مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب سے یورپی ممالک کوٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھانا چاہتے ہیں،اسی طرح یورپ کیلئے پنجاب کے عمدہ ترین چاول کی برآمد مزید بڑھا نا چاہتے ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں