نسوار،سکولز،گھروں پرٹیکس،پختونخوا اسمبلی میں فنانس بل پیش
پشاور (دنیا نیوز، اے پی پی) خیبرپختونخوا حکومت نے فنانس بل 2024-25 اسمبلی پیش کردیا جس میں کئی شعبہ جات کے ٹیکسوں کی شرح میں ردوبدل کیساتھ ساتھ نئے ٹیکس بھی لاگو کر دیئے گئے۔۔۔
فنانس بل کے مطابق نسوار،سکولز، شادی ہالز، گھر، پٹرول پمپس،موبائل ٹاورز پر بھی ٹیکس لگانے کی تجویز ہے۔ صوبائی حکومت نے پراپرٹی اور موٹرکار ڈیلروں پر ون ٹائم رجسٹریشن فیس کی مد میں 20 ہزار روپے جبکہ سالانہ رینول فیس 15 ہزار روپے مقرر کردی ہے ، صوبہ میں تمباکو ڈویلپمنٹ سیس کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے مطابق ورجینیا تمباکو پر فی کلو گرام 50 روپے ، وائٹ پتا پر فی کلو 30 روپے اور نسوار پر فی کلو ساڑھے 7 روپے ٹوبیکو ڈویلپمنٹ سیس لگایا ہے ، صوبائی حکومت نے بڑے شہروں میں 500 افراد یا اس سے زیادہ گنجائش کے حامل شادی ہالوں پر 25 ہزار روپے فی ایونٹ ،اسی طرح کیٹیگری بی میں 300 سے زیادہ اور 500 سے کم گنجائش کے حامل شادی ہالوں میں فی یونٹ 15 ہزار روپے جبکہ کیٹیگری سی کے تحت دیہی علاقوں میں 300 سے کم افراد کی گنجائش والے شادی ہالوں پر10 ہزار روپے مقرر ٹیکس کی تجویز پیش کی ہے ۔بل کے مطابق 5 مرلہ سے کم گھر پر کسی قسم کا ٹیکس لاگو نہیں ہوگاالبتہ 5 سے 10 مرلے پر 3 ہزار، 15مرلہ پر 3500،اور 18مرلہ پر 4ہزار پراپرٹی ٹیکس نافذہوگا،ایک کنال پر 15ہزار ، 2 کنال پر 40 ہزارکا ٹیکس نافذ ہوگا۔نجی تعلیمی اداروں میں پرائمری سکول پر 40 ہزار، مڈل سکول پر 50 ہزار اور ہائی سکول پر ایک لاکھ سالانہ ٹیکس نافذہوگا،اسی طرح پرائیویٹ یونیورسٹی پر ڈھائی لاکھ روپے ٹیکس کے نفاذکرنے کی تجویزہے ، انڈسٹریل ایریا میں صنعتی پلاٹ پر 10 ہزار روپے کافکسڈ ٹیکس نافذہوگا،سروس اسٹیشن پر 20 ہزار، پراپرٹی ٹیکس،پٹرول اورسی این جی سٹیشن پر 50 ہزار اور موبائل فون ٹاور پر 40 ہزار روپے ٹیکس نافذکرنے کی تجویزہے ، موٹرسائیکل پرڈھائی ہزار روپے لائف ٹائم ٹوکن نافذ ہوگا،فنانس بل کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ٹریفک چالان میں اضافہ ہوگا،موٹرسائیکل کی تیز رفتاری پر جرمانہ 120 سے بڑھا کر 500 روپے کردیاگیا ۔موٹرکار کی تیز رفتاری پر جرمانہ 500 سے بڑھاکر 1ہزار روپے ،ٹریفک سگنل توڑنے پر موٹرسائیکل سوار پر 500 ، موٹرکار پر 1 ہزار روپے جرمانہ ، رانگ سائیڈ پر ڈرائیونگ پر موٹرکا چالان 1 ہزار سے بڑھاکر 2 ہزاراورگاڑی کا دروازہ غلط سائیڈ سے کھولنے پر جرمانہ 500 روپے ہوگا۔