ہمیں کسی مدد کی ضرورت نہیں، نیٹو احمقانہ غلطی کررہا ہے: ٹرمپ

واشنگٹن:(دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہمیں کسی مدد کی ضرورت نہیں لیکن نیٹو احمقانہ غلطی کررہا ہے۔

امریکہ میں اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک سے بڑی حمایت حاصل رہی لیکن نیٹو سے حمایت نہیں ملی، برطانوی وزیراعظم اسٹارمر نے تعاون نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیر اعظم ہماری جیت کے بعد دو طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے پرتیار ہوئے، میرے خیال میں برطانوی وزیراعظم ایک اچھے انسان ہیں لیکن میں مایوس ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ بھی بوکھلاہٹ کا شکار، ایک ہی تقریر میں بیان بدلنے لگے

امریکی صدر کا کہنا تھا ایران ایک خطرہ تھا، ہر ملک کو احساس تھا کہ ایران کتنا بڑا خطرہ تھا، یہ بہت ضروری تھا کہ وہ ایران سے ایٹمی خطرے کو ختم کر دیں۔ ہم ابھی خطے سے نکلنے کے لیے تیار نہیں ، تاہم ہم بہت جلد وہاں سے نکل جائیں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں کسی مدد کی ضرورت نہیں لیکن نیٹو احمقانہ غلطی کررہا ہے، ہمیں نیٹو کی ضرورت نہیں لیکن انہیں خطے میں ہونا چاہیے تھا، دوسری جانب صحافیوں نے امریکی نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم کے ڈائریکٹر جو کینٹ کے استعفے سے متعلق سوال کیا۔

جس پر اُنہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے جوکینٹ کا بیان پڑھا ہے، میں ہمیشہ سمجھتا تھا کہ وہ ایک اچھے آدمی ہیں، میرا ہمیشہ سے یہ خیال تھا کہ جوکینٹ سکیورٹی کے معاملے میں کمزور ہیں، جب میں نے جوکینٹ کا بیان پڑھا تو احساس ہوا کہ اچھا ہوا کہ وہ چلے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں