ایران جنگ سے اختلاف، امریکی انسداد دہشتگردی مرکز کے ڈائریکٹر مستعفی

واشنگٹن: (دنیا نیوز) ایران جنگ ٹرمپ کیلئے ڈراؤنا خواب بن گئی، اہم اتحادیوں کے بعد اہم سرکاری افسران بھی ساتھ چھوڑنے لگے، پہلا بڑا استعفیٰ آگیا۔

امریکا کے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے ڈائریکٹر جو کینٹ نے ایران کے خلاف جاری جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، اپنے سوشل میڈیا بیان میں جو کینٹ نے کہا کہ وہ اپنے ضمیر کے مطابق ایران کے خلاف اس جنگ کی حمایت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران امریکا کے لئے کوئی فوری خطرہ نہیں تھا اور یہ جنگ اسرائیل اور اس کی بااثر امریکی لابی کے دباؤ کے نتیجے میں شروع کی گئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو بھیجے گئے اپنے استعفے میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکام نے امریکا کو اس تنازع میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور اس مقصد کے لیے غلط معلومات پر مبنی مہم بھی چلائی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر حملے کے حق میں پیش کیے جانے والے دلائل اور فوری کامیابی کے دعوے انہیں 2003 کی عراق جنگ 2003 سے قبل کی صورتحال کی یاد دلاتے ہیں۔

جو کینٹ خود بھی عراق جنگ میں شریک رہ چکے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ شینن کینٹ شام میں ایک کارروائی کے دوران ہلاک ہو گئی تھیں۔

انہوں نے لکھا کہ ایک ایسے شخص کے طور پر جس نے 11 مرتبہ جنگی خدمات انجام دیں اور اپنی اہلیہ کو اسرائیل کی شروع کی گئی جنگ میں کھویا۔

جو کینٹ نے کہا کہ وہ نئی نسل کو ایسی جنگ میں بھیجنے کی حمایت نہیں کر سکتے جو امریکی عوام کے مفاد میں نہ ہو اور جس کی قیمت انسانی جانوں کی صورت میں ادا کرنی پڑے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں