امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی شروع کر دی: عرب میڈیا
دبئی: (دنیا نیوز) عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی شروع کر دی۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی فوج نے ایران کے سمندری راستوں کی ناکہ بندی شروع کر دی ہے۔
امریکی سینٹ کام کے مطابق ناکہ بندی کا عارضی نفاذ جہازوں کی ایرانی پورٹ میں آمدورفت پر ہوگا، خلیج عرب اور خلیج عمان میں ایرانی پورٹس سے آنے جانے والے جہازوں پر بھی نفاذ ہوگا۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب ایران اپنا تیل نہیں بیچ سکے گا، آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایران کی فوج تباہ کر دی اور نیوی سمندر میں ڈبو دی ہے، ایرانی بحریہ کے 158 بحری بیڑے بھی تباہ کر دیئے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہمارے پاس روس اور سعودی عرب سے بھی زیادہ تیل ہے، ایران اس وقت بُری صورتحال میں ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ یہ بات واضح ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی صلاحیت نہیں ہوگی، ایران نے وعدہ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز کھولے گا لیکن اس نے جھوٹ بولا۔