کراچی سے خواتین کو بیرون ملک سمگلنگ کی کوشش ناکام، ایجنٹ سمیت 35 گرفتار

کراچی :(دنیا نیوز) شہر قائد میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ نے خواتین کو بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

 ایف آئی اے ترجمان کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر کراچی زون اور ڈپٹی ڈائریکٹر اے ایچ ٹی سی کی ہدایات پر کی گئی، ٹیم نے مصدقہ اطلاع پر پاسپورٹ آفس صدر کراچی کے قریب دو ہوٹلوں پر چھاپہ مارا۔

ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی 33 خواتین کو حراست میں لیا گیا، خواتین کے ہمراہ انسانی سمگلرز اور ایجنٹس کو بھی گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 29 پاسپورٹس اور دیگر متعلقہ مواد برآمد ہوا۔

ایف آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ خواتین کو وزٹ ویزا کے بہانے متحدہ عرب امارات بھجوایا جا رہا تھا، خواتین کو جسم فروشی اور جنسی استحصال کیلئے استعمال کرنے کا منصوبہ تھا۔

ٹیم نے ضیاء الحق، امتیاز علی، فرمان علی اور سکینہ بی بی سمیت و دیگر کو گرفتار کرکے تین الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، مقدمات پریوینشن آف ٹریفکنگ ان پرسنز ایکٹ 2018 کے تحت درج کیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں