اے این ایف کی 9 کارروائیاں، 141 کلو گرام منشیات برآمد، 13 ملزمان گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مختلف علاقوں میں 9 کارروائیاں کرتے ہوئے 141.32 کلو گرام منشیات برآمد کر کے 13 ملزمان گرفتار کرلیے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق یہ کارروائیاں حیدرآباد، اسلام آباد، سنگجانی، غازی گھٹ، پشاور اورکوئٹہ میں کی گئیں، کارروائی کے دوران 83 کلو600 گرام افیون ، 49 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔
علاوہ ازیں، کارروائی میں 8 کلوگرام آئس، 30 گرام ہیروئن، اور 692 گرام وزنی 4750 زینیکس گولیاں بھی برآمد کی گئی۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ1997 کے تحت مقدمات درج بھی کر لیے گئے ہیں۔