حکومت کا یوم پاکستان کی پریڈ اور تقریبات منسوخ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے 23 مارچ 2026ء کو ہونے والی یوم پاکستان کی پریڈ اور تقریبات منسوخ کر دیں۔

وزیراعظم آفس نے اعلامیہ جاری کر دیا جس کے مطابق خلیجی تیل بحران اور حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری اقدامات کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 23 مارچ 2026 کو یومِ پاکستان کی پریڈ اور اس سے منسلک تمام تقریبات منعقد نہیں کی جائیں گی۔

تاہم اس دن کو وقار اور احترام کے ساتھ سادہ پرچم کشائی کی تقریبات کے ذریعے منایا جائے گا، یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کیا جا رہا ہے کہ قوم کی یومِ پاکستان کے نظریات سے وابستگی، استقامت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ساتھ وسیع تر کفایت شعاری پالیسی کو بھی برقرار رکھا جائے۔

اعلامیہ کے مطابق تمام وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس موقع کو سادگی اور پُروقار طریقے سے منائیں تاکہ محدود تقریبات کے باوجود اس دن کی اہمیت اور اس کا حقیقی پیغام برقرار رکھا جا سکے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں