مخصوص نشستیں،پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے آنیوالا ہفتہ اہم

مخصوص نشستیں،پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے آنیوالا ہفتہ اہم

(تجزیہ:سلمان غنی) مخصوص نشستوں کی تقسیم بارے عدالت عظمیٰ کے فیصلہ پر عمل درآمد کے ضمن میں الیکشن کمیشن کے موقف کے بعد ظاہر یہ ہو رہا ہے کہ فیصلہ پر عمل درآمد کے ضمن میں پھر سے معاملہ عدالت عظمیٰ کے پاس جائے گا۔

آج اگر ملکی سیاست پر تناؤ اور ٹکراؤ کی ایک نئی کیفیت طاری ہے تو اس کی وجہ بارہ جولائی کا عدالتی فیصلہ ہی ہے اور عدالتی فیصلہ پر حکومتی ادارے اور خود الیکشن کمیشن عمل درآمد کا پابند ہے لیکن ملک کے اندر پیدا شدہ نفسیاتی کیفیت سے ظاہر ہو رہا ہے کہ بظاہر عدالتی فیصلہ پر عمل درآمد کا اظہار کرنے والے ادارے ا پنے تحفظات پر قائم ہیں اور الیکشن کمیشن کے ذمہ داران تو یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ہم نے جو کیا آئین قانون اور روایات کو بروئے کار لاتے ہوئے کیا اور یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی خصوصی نشستوں کے کیس میں عدالت میں فریق بنی نہ تو ان کی پارٹی کے ذمہ دار اس کیس میں سنجیدہ تھے اور نہ ہی ان کے قانونی ماہرین نے ان کی معاونت کی لیکن عدالتی فیصلہ میں سب کچھ بن مانگے دے دیا گیا،الیکشن کمیشن کے ذرائع مصر ہیں کہ ہم بھی پاکستان کا ایک آئینی ادارہ ہیں اور ایک آئینی ادارے کی حیثیت سے ہمارے بھی کچھ اختیارات ہیں لہٰذا ان اختیارات کے تابع کسی تناؤ کا حصہ بننے کی بجائے ہم عدالت عظمیٰ سے ہی رجوع کریں گے تاکہ وہ ہماری رہنمائی فرما دیں کہ تحریک انصاف کے لوگوں کو کن قوانین کے تابع مخصوص نشستوں کا مستحق ٹھہرایا ہے لہٰذا مذکورہ صورتحال کے پیش نظر کہا جا سکتا ہے کہ الیکشن کمیشن بظاہر عدالتی فیصلہ پر کاربند اس پر عمل درآمد کی بات کرتا دکھائی دے رہا ہے لیکن عملاً وہ اس حوالہ سے پیش رفت سے گریزاں ہے اور اس حوالہ سے اسے عدالت عظمیٰ کے علاوہ بھی بعض آئینی اداروں کی طرف دیکھنا پڑ رہا ہے یہی وجہ ہے کہ ماہرین نے کہنا شروع کر رکھا ہے کہ جو سارا بحران 12 جولائی کے عدالتی فیصلہ سے شروع ہوا حکومت اور اسٹیبلشمنٹ اس حوالہ سے پسپائی اختیار کرنے کو تیار نہیں اور یہ بحران آنے والے وقت میں طوفان بنتا نظر آ رہا ہے اس میں کون سرخرو ہوگا فی الحال یہ تو نہیں کہا جا سکتا البتہ اس بحران کے مضر اثرات خود پاکستان، پاکستان کی معیشت اور عوام کی زندگیوں پر ضرور ہوں گے ،حکومت اس حوالہ سے پارلیمنٹ کے فورم کو بروئے کار لائے گی اور عدالتی فیصلوں کے حوالہ سے اپنا موقف ظاہر کرے گی لہٰذا کہا جا سکتا ہے کہ خصوصی نشستوں بارے عدالتی فیصلہ ،پی ٹی آئی پر پابندی اور دیگر ایشوز کے حوالے سے آنے والا ہفتہ اہم ہوگا، اس حوالہ سے حکومتی اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا سلسلہ شروع ہے ، خصوصی نشستوں کی تقسیم بارے تو حکومتی اتحادیوں میں اتحاد ہے مگر پی ٹی آئی پر پابندی بارے حکومتی اتحادیوں میں تقسیم ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں