حسن نصراللہ کی شہادت سے عدم استحکام بڑھے گا :پاکستان

حسن نصراللہ کی شہادت سے عدم استحکام بڑھے گا :پاکستان

اسلام آباد (وقائع نگار )پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی اسرائیلی مہم جوئی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت پر ردعمل میں کہا کہ شہری آبادیوں پر اسرائیلی حملے تشویشناک ہیں ،حسن نصراللہ کی شہادت سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان لبنان کے عوام سے یکجہتی کے لئے ساتھ کھڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے شہری آبادیوں پر مسلسل حملے تشویشناک ہیں، عالمی قوانین کی پامالی تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے ، اسرائیل لبنان کی خود مختاری کی خلاف ورزی کررہا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو خطے میں اس کی مہم جوئی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے باز رکھے اور مشرق وسطیٰ میں امن بحال کریں۔ترجمان کے مطابق حزب اللہ کے سیکر ٹر ی جنرل حسن نصراللہ کی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہادت پہلے سے غیر مستحکم خطے کو مزید خطرات سے دوچار کرے گا ۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ گزشتہ کئی دنوں سے اسرائیلی افواج لبنان کی خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی، شہری آبادی کے مراکز کو مسلسل نشانہ بنانے اس کے استحکام اور سلامتی کو نقصان پہنچانے میں مصروف ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں