توشہ خانہ ٹو :عمران اور بشریٰ کی ضمانت مسترد، کل فردجرم

توشہ خانہ ٹو :عمران اور بشریٰ کی ضمانت مسترد، کل فردجرم

راولپنڈی (خبر نگار )بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو بلغاری ریفرنس میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں ۔

 دو اکتوبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی ۔توشہ خانے بلغاری جیولری ریفرنس میں ضمانت کی درخواستوں کی سماعت اڈیالہ جیل میں ایف آئی اے کے سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی ۔پراسیکیو ٹر ذوالفقار عباس نقوی نے دلائل دیئے کہ بانی پی ٹی آئی نے سعودی عرب سے ملنے والا 7 کروڑ 15 لاکھ کا قیمتی سیٹ 29 لاکھ میں حاصل کیا،ایف آئی اے نے فارن آفس کے ذریعے سعوریہ سے بلغاری سیٹ کی اصل قیمت حاصل کرلی ، اس سیٹ میں نیک لیس، ائیر رنگز، بریسلٹس اور انگوٹھی شامل ہیں، ایف آئی اے کے پاس بلغاری سیٹ سے متعلق تمام رسیدیں آگئی ہیں۔ایف آئی اے نے نوٹری پبلک کی مدد سے تمام رسیدیں انگلش میں ٹرانسلیٹ کرائی ہیں۔ایف آئی اے کے پاس سابق وزیراعظم اور انکی اہلیہ کے خلاف ناقابل تردید ثبوت ہیں، بطور وزیراعظم عمران خان نے قیمتی سیٹ کی مارکیٹ قیمت 58 لاکھ لگوائی ،ریاست کو ملنے والے تحفے کو توشہ خانہ میں جمع کرائے بغیر اپنے پاس رکھ لیا۔ اپنے آفس سیکرٹری انعام شاہ کے ذریعے بلغاری سیٹ کی قیمت لگوائی۔انعام شاہ اور توشہ خانے کے اپریزئر نے اس عمل کی تصدیق کردی ، کیس ثابت شدہ ہے ضمانت کی درخواست خارج کی جائے ۔

وکیل صفائی سلیمان صفدر نے کہا توشہ خانہ 2 کیس پہلے ریفرنس سے ملتا جلتا کیس ہے ، پہلے اور اس ریفرنس میں ایک جیسے الزمات ایک جیسے وعدہ معاف گواہ ہیں۔ایک توشہ خانہ کے دو مقدمات کیسے بن سکتے ہیں ۔دونوں مقدمات میں ملزم بھی ایک جیسے ہیں، بشریٰ بی بی 7 مہینے سے قید ہے ۔سپریم کورٹ کے نیب ترامیم بحالی فیصلے کے بعد اس کیس کو ختم ہونا چاہئے ،پہلے نیب سے سپیشل جج سنٹرل کو کیس منتقل ہوا لیکن ضمانت نہیں ملی۔عدالت سے درخواست کرتے ہیں ضمانت منظور کی جائے ، عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیااورکچھ دیر بعد فیصلہ سناکر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست پر ضمانت مسترد کردی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں