عمران کی ویڈیو لنک حاضری نہ لگوانے پر جیل حکام کو شو کاز نوٹس

عمران کی ویڈیو لنک حاضری نہ لگوانے پر جیل حکام کو شو کاز نوٹس

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے آزادی مارچ کے حوالے سے درج مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ویڈیو لنک پر حاضری نہ لگوانے پر جیل حکام کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا۔

دوران سماعت ملزم تنویر حسین،علی نواز اعوان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی ۔عدالت نے پوچھا بانی پی ٹی آئی کی حاضری کے حوالے سے رپورٹ آئی ہے جس کے جواب میں کہا گیا انٹر نیٹ میسر نہیں آن لائن حاضری نہیں ہو سکتی،جج نے کہا گزشتہ روز بھی یہی رپورٹ آئی تھی شو کاز نوٹس جاری کیا تھا آج بھی نوٹس جاری کر رہا ہوں،لکھوں گا نیٹ نہیں تو ذاتی حیثیت میں پیش کریں،عدالت نے کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔خالد یوسف چودھری ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاگیا کہ درخواست گزار گھریلو اور پردہ نشین خاتون ہے ،الزامات جھوٹے اور گواہان کو بلیک میل کر کے لگوائے گئے ہیں،ایف آئی اے نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے ،مقدمہ اور تفتیش بد دیانتی پر مبنی ہے ،بار بار ایک ہی کیس کو مختلف زاویوں سے چلانا آئینی خلاف ورزی ہے ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی 6 بشریٰ بی بی کی 1 مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں بھی 21 اکتوبر تک توسیع کردی۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی وکیل صفائی کی گواہ پر جرح جاری رہی ، سماعت ہفتہ پانچ اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ۔سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی ۔وکلا صفائی کی نیب کے گواہ پر جرح 32ویں سماعت پر بھی مکمل نہ ہو سکی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں