اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، خلاف ورزی کرنیوالے نرمی کی توقع نہ رکھیں: محسن نقوی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئے کے کل ہونے والے احتجاج کی کال پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنیوالے نرمی کی توقع نہ رکھیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان کےدورے پر ہیں اور اسلام آباد میں اہم نوعیت کی عالمی تقاریب جاری ہیں، غیرملکی سربراہ کی موجودگی میں پی ٹی آئی کا احتجاج مناسب نہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نےجلسے کی جگہ مختص کردی ہے لیکن تحریک انصاف نے کل احتجاج کی کال دی ہوئی ہے، کل کسی نے دھاوابولا تو کوئی شکوہ نہ کرے کیونکہ سکیورٹی انتظامات میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائےگی۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ سعودی اور چینی وفودبھی پاکستان پہنچ رہے ہیں جس کے لئے ہم نے سکیورٹی کے پیشگی انتظامات کرلئے ہیں، کنٹینرز کھڑے کرنا ہماری مجبوری ہے، فوج اورپیراملٹری فورسز کو اسلام آباد طلب کرلیا گیا ہے، احتجاج کو روکنے کے لیے ہرحد تک جائیں گے،

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتےکہ ملک کی بدنامی ہواورپریشانی کا باعث بنے، احتجاج کرنا آپ کاحق ہے لیکن ان 10 سے 12 دنوں میں نہ کریں، عالمی رہنما موجود ہے، کوئی احتجاج برداشت نہیں کریں گے، مولانا سے 25 سال کا تعلق ہے، کسی کی خواہش پرختم نہیں کرسکتا۔

یہ بھی پڑھیں: معصوموں کو مروانے کیلئے احتجاج کی کال دی جارہی ہے : سینیٹر فیصل واوڈا

وزیر داخلہ نے کہا کہ کئی سال بعد پاکستان میں عالمی کانفرنس ہونےجارہی ہے، پی ٹی آئی والے احتجاج کی کال سے پہلےملک کا مفاد دیکھیں، ایس سی اوکانفرنس کی کامیابی ہرپاکستانی کی کامیابی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل ہم نے کچھ لوگ پکڑے ہیں وہ کس طرح تیاری کررہے تھے، پکڑے جانے والوں کے پاس غلیل، پتھر،کیل والے ڈنڈے پکڑے گئے ہیں، اگرصرف احتجاج ہوتوایسی پلاننگ نہیں ہوتی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں