انسٹاگرام پر ریلز کو بہتر بنانے اور مونیٹائزیشن میں مددگار فیچر متعارف
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹاگرام پر ریلز کو بہتر بنانے اور مواد کی ریچ بڑھانے سمیت اکاؤنٹ کی مونیٹائزیشن میں مدد فراہم کرنے والے فیچر ’بیسٹ پریکٹسز‘ کو متعارف کرا دیا گیا۔
میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’بیسٹ پریکٹسز‘ کو بنیادی طور پر تعلیمی مقاصد کے لئے پیش کیا گیا ہے، تاہم یہ فیچر مواد تخلیق کاروں کو متعدد طریقوں سے فوائد پہنچا سکتا ہے۔
مذکورہ فیچر کو انسٹاگرام کے پروفیشنل ڈیش بورڈ پر جا کر استعمال کیا جا سکتا ہے، اس کے ذریعے نہ صرف ریلز کو بہتر انداز میں بنایا جا سکتا ہے بلکہ اسی فیچر کے تحت پوسٹ کئے گئے مواد کو زیادہ لوگوں تک پھیلانا بھی آسان بن جائے گا۔
کمپنی کے مطابق ’بیسٹ پریکٹسز‘ کے ذریعے مواد تخلیق کاروں کو نہ صرف مواد کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے ان کا مواد زیادہ اکاؤنٹس تک بھی جائے گا جبکہ یہ فیچر مونیٹائزیشن سمیت مواد کو کتنا اور کیسا رکھنا ہے، اس حوالے سے بھی مدد فراہم کرے گا۔
’بیسٹ پریکٹسز‘ نامی فیچر کو دنیا بھر کے صارفین کیلئے پیش کر دیا گیا ہے اور صارفین پروفیشنل ڈیش بورڈ پر کلک کر کے مذکورہ فیچر تک رسائی حاصل کر سکیں گے، اگرچہ فیچر کو متعارف کرادیا گیا ہے، تاہم فوری طور پر مذکورہ فیچر تمام صارفین کو نظر نہیں آ رہا ہوگا لیکن ترتیب وار تمام صارفین کو اس تک رسائی دے دی جائے گی۔