سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز کے صارفین کی تعداد 30 کروڑ سے متجاوز
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ایکس (ٹوئٹر) کے مقابلے پر متعارف کرائے گئے میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز کے ماہانہ صارفین کی تعداد 30 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔
میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے تھریڈز پر ایک پوسٹ میں یہ اعلان کیا، انہوں نے بتایا کہ تھریڈز کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 10 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔
مارک زکربرگ اس سے پہلے یہ خیال ظاہر کر چکے ہیں کہ میٹا کی دیگر ایپس کی طرح تھریڈز کے صارفین بھی ایک ارب تک پہنچ سکتے ہیں۔
ابھی یہ ہدف تو کافی دور ہے مگر تھریڈز کو استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں حالیہ عرصے میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، گزشتہ سال موسم سرما میں تھریڈز کے ماہانہ صارفین کی تعداد 10 کروڑ تک پہنچی تھی۔
نومبر 2024 میں یہ تعداد 27 کروڑ 50 لاکھ تک پہنچ گئی تھی اور ایک ماہ کے اندر اس میں ڈھائی کروڑ کا اضافہ ہوا ہے۔
ایپل کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 2024 میں ایپ اسٹور میں تھریڈز دوسری سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ رہی، آنے والے ہفتوں میں تھریڈز میں چند اہم تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی کی جانب سے 2025 کے شروع میں اشتہارات کو تھریڈز کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔