تنہائی سے پریشان انجلینا جولی ہمسفر کی متلاشی
نیویارک: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے تنہائی سے نبرد آزما ہونے اور ایک جیون ساتھی کی تلاش کی خواہش کا اظہا کر دیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں انجلینا جولی نے 8 سال قبل بریڈ پٹ سے علیحدگی کے بعد پیش آنے والے چیلنجز اور اپنی موجودہ تنہائی کے بارے میں بات کی۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ فلم ’ماریا‘ کے کس پہلو کو اپنی ذاتی زندگی سے قریب محسوس کرتی ہیں تو انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ اپنے بچوں سے بے حد محبت کرتی ہیں لیکن وہ خود کو اکثر تنہا محسوس کرتی ہیں۔
انجلینا جولی نے مزید کہا کہ وہ اپنے آپ کو فلم کے کردار ماریا کی طرح اکیلا محسوس کرتی ہیں، انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ ابھی تک یہ نہیں سمجھ پائیں کہ اپنی موجودہ صورتحال میں زندگی کو کس طرح گزارنا ہے بس وہ اپنے بچوں کیلئے مضبوط ماں کے طور پر خود کو دیکھتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ زیادہ تر فنکار یہی محسوس کرتے ہیں کہ وہ ایک کھلے ماحول میں موجود ہیں مگر وہ مکمل طور پر کسی ایک جگہ یا کیفیت میں سیٹل نہیں ہو پاتے جس کے باعث بعض اوقات وہ عجیب کیفیت میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل انجلینا جولی اور معروف ریپر اکالا کے درمیان تعلقات کی خبریں زیر گردش تھیں اور دونوں کو کئی مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا تاہم ان کی جانب سے اس تعلق کا باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا تھا۔