خاتون نے اپنی ناکام شادی کا سفر ’مہندی‘ کے ذریعے بیان کر دیا، ویڈیو وائرل
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دلہن کی تیاری مہندی کے بغیر ادھوری سمجھی جاتی ہے، شادی کی خوشی میں دلہن اپنے ہاتھوں کو مہندی سے سجاتی ہے۔
بھارت میں ایک خاتون نے اپنی ناکام شادی کا سفر مہندی کے ذریعے بیان کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
مہندی آرٹسٹ اروشی وورا شرما نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ’طلاق مہندی‘ کے ڈیزائن کی نمائش کرنے والی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، ویڈیو میں روایتی شکلوں کی جگہ مہندی کے پیچیدہ ڈیزائن دکھائے گئے ہیں جن میں عورت کے مشکل ازدواجی سفر کی تصویر کشی کی گئی ہے۔
مہندی کے ذریعے خاتون نے لڑکی کی زندگی شادی کے بعد بیان کی ہے جس میں سسرال کی طرف سے نوکروں جیسا سلوک، شوہر کی طرف سے حمایت کی کمی اور مسلسل دلائل اور تنہائی میں جانا شامل ہے۔
خاتون کا مہندی کا ڈیزائن سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور لوگ اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔
ایک شخص نے لکھا کہ وہ عورت کی ہمت کو سراہتے ہیں، یہ اپنی کہانی شیئر کرنے کا ایک طاقتور طریقہ ہے، ایک اور صارف نے لکھا کہ طلاق کبھی بھی آسان نہیں ہوتی لیکن مہندی کا ڈیزائن ان کی طاقت اور ہمت کو ظاہر کر رہا ہے جو آگے بڑھنے کیلئے درکار ہے۔