ایس آئی ایف سی کی معاونت‘ زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کی بدولت معیشت میں استحکام
اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کی بدولت معیشت میں استحکام آنے لگا۔
سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر دو سال پانچ مہینے بعد 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، نومبر 2024ء تک سٹیٹ بینک کے ذخائر 12.04 ارب ڈالر ہوگئے، ہفتہ وار 620 ملین ڈالر کے اضافے سے پاکستان کے کل زرمبادلہ ذخائر 16.62 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
کمرشل بینکوں کے ذخائر 4.58 ارب ڈالر ہیں، پالیسی ساز ماحول اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال کرنے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا کلیدی کردار ہے، معاشی استحکام کیلئے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم کی گئی۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا تعاون اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کا رجحان پاکستان کی مالی حالت میں بہتری کا مظہر ہے۔