کابینہ کمیٹی کی کھاد انڈسٹری کو بلاتعطل گیس فراہمی کی ہدایت

اسلام آباد:(دنیا نیوز) کابینہ کمیٹی نے کھاد انڈسٹری کو بلاتعطل گیس فراہمی کی ہدایت کردی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے زیرصدارت کھاد کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کھاد کی قیمتوں ، گیس سپلائی اور سٹاک کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سیکرٹری پٹرولیم، صنعت و تجارت سمیت گیس کمپنیوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی ، اجلاس میں کھاد کی قیمتوں، سٹاک اور مارکیٹ میں ان کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ کمیٹی نے کھاد کے ذخیرے اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کھاد کی صنعت کیلئے گیس کی دستیابی کو تسلی بخش پایا گیا۔

دوران اجلاس نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ربیغ سیزن کے دوران کھاد انڈسٹری کو بلاتعطل گیس کی فراہمی، مستحکم پیداوار اور ذخیرے کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں