انسٹاگرام سربراہ کی سوشل میڈیا پر جاری تصاویر پر اندھا اعتماد نہ کرنے کی ہدایت
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر جاری تصاویر پر آنکھیں بند کرکے یقین نہ کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ تھریڈز پر مختلف پوسٹس میں ایڈم موسیری نے کہا کہ صارفین کو سوشل میڈیا پر نظر آنے والی تصاویر اور ویڈیوز پر اندھا اعتماد نہیں کرنا چاہیے کیونکہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کردہ تصاویر بظاہر دیکھنے میں حقیقی محسوس ہوتی ہیں جن سے بآسانی دھوکہ کھایا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ پلیٹ فارمز کی حیثیت سے ہمارا کام یہ ہے کہ جو مواد آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے تیار کیا گیا ہو، اس کے بارے میں ممکنہ حد تک آگاہ کریں۔
انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ بحیثیت ناظر یا قاری محتاط ذہن کے ساتھ اس مواد کا بغور جائزہ لیں کہ سوشل میڈیا پر جو ریکارڈنگ یا بیان دکھایا جارہا ہے وہ کس حد تک حقیقی ہے اور اس بات کو بھی ذہن نشین کریں کہ آیا جو بات کہی جا رہی ہے وہ کہنے والا شخص کون ہے۔
یاد رہے کہ اے آئی چیٹ بوٹس مکمل اعتماد سے آپ سے جھوٹ بول سکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کمپنیوں کی جانب سے انتباہ کیا جاتا ہے کہ چیٹ بوٹس کی فراہم کردہ معلومات اور تفصیلات پر آنکھیں بند کر کے بھروسہ مت کریں۔