وزیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو طلب
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس جمعرات کو ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان سوشل امپیکٹ بانڈ کے اجراء کیلئے 1 ارب روپے کی حکومتی گارنٹ کی منظوری دی جائے گی، پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کیلئے 1 ارب 88 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری بھی متوقع ہے۔
وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل انیشی ایٹو منصوبے کیلئے 53 کروڑ 61 لاکھ روپے فنڈز کی منظوری کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایف بی آر کے تحت پرال کی تنظیم نو سے متعلق سمری بھی ای سی سی کے ایجنڈے میں شامل ہے، ایس آئی ایف سی کیلئے 52 کروڑ 37 لاکھ روپے کی ترقیاتی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی، وزیراعظم کے زرعی پیکیج کے تحت زرعی ترقیاتی بینک کے بقایا جات کی منظوری کا بھی امکان ہے۔
مزید برآں اجلاس میں گلگت بلتستان کیلئے سبسڈی کی بنیاد پر گندم کی قیمت معقول بنانے کے جامع پلان پر غور ہوگا، درآمدی یوریا پر سبسڈی کی مد میں وزارت تجارت کیلئے تکنیکی گرانٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔