سٹیٹ بینک کا شرح سود میں 2 فیصد کمی کا اعلان
کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کااعلان کردیا جس کے مطابق شرح سود میں 2 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری مانیٹری پالیسی بیان کے مطابق شرح سود میں 2 فیصد کمی کی گئی جس کے بعد شرح سود 15 فیصد سے کم ہوکر 13 فیصد ہوگئی ہے۔
مانیٹری پالیسی بیان میں کہا گیا کہ شرح سود میں 200 بیسس پوائنٹس کمی کی گئی ہے، مہنگائی توقع سے زیادہ تیزی سے کم ہوئی ہے اور نومبر2024میں عمومی مہنگائی کی شرح کم ہوکر 4.9 فیصد رہ گئی ۔
سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ ذخائر 12 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، زری پالیسی کمیٹی نے 2025میں جی ڈی پی کی نمو 2.5 سے 3.5 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ظاہرکی ہے۔
زری پالیسی کمیٹی نے صارفی قرضوں میں بھی تیزی مالی سال 2025کے دوران اوسط مہنگائی کا تخمینہ 11.5 تا 13.5 فیصد کی حد سے کافی کم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ 2025تک جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے 0 سے 1 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق موجودہ شرح سے معاشی استحکام کو تقویت ملے گی اور پائیدار بنیاد پر معاشی نمو حاصل کرنے میں مدد ملے گی، نئی شرح سود کا اطلاق 17 دسمبر سے ہوگا۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کا تسلسل جاری ہے اور یہ پانچویں بار شرح سود کم کی گئی ہے۔