لالی ووڈ کی ’’ہیر‘‘ فردوس بیگم کو مداحوں سے بچھڑے 4 برس بیت گئے

لاہور: (دنیا نیوز) لالی ووڈ کی ’’ہیر‘‘ فردوس بیگم کو مداحوں سے بچھڑے 4 برس بیت گئے۔

ہیروئن کا کردار ہو یا ساتھی اداکارہ، ماں کا رول ہو یا کوئی اور اصل نام پروین، 1947 میں جنم لینے والی فردوس نے ہر کردار میں جان ڈال دی،14 برس کی عمر میں فلم نگری میں قدم رکھا، 60 اور 70 کی دہائیوں میں کمال عروج پایا۔

اداکارہ فردوس نے 200 فلموں میں مختلف کردار ادا کئے، سپر ہٹ فلموں میں ’’ہیر رانجھا‘‘، ’’دلاں دے سودے‘‘، ’’ملنگی‘‘، ’’آنسو‘‘، ’’ضدی‘‘، ’’باؤ جی‘‘، ’’مرزا جٹ‘‘، ’’جاگ اٹھا انسان‘‘ اور بے شمار دیگر فلمیں شامل ہیں۔

بہترین اداکارہ کا نگار ایوارڈ بھی اپنے نام کیا، فلم آنسو میں لازوال اداکاری پر بھی ایوارڈ پایا، فردوس بیگم نے اپنے دور کے ہر ہیرو کے ساتھ کام کیا، کم عمری میں ہی منجھی ہوئی اداکاری کرنا شروع کر دی تھی۔

لالی ووڈ کا یہ درخشاں ستارہ 16 دسمبر 2020 کو آنکھوں سے ہمیشہ کیلئے اوجھل ہوگیا، فردوس بیگم مداحوں کیلئے اپنے فن کا خزانہ چھوڑ گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں