حکومتی اقدامات سے ملک کی ترسیلات زر میں 34 فیصد اضافہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی اقدامات اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی کوششوں سے رواں برس ملک کی ترسیلات زر میں بہتری دیکھنے میں آرہی ہے۔

مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے گزشتہ برس کی نسبت زیادہ رقوم پاکستان بھیجیں،اوور سیز پاکستانیوں کی طرف سے گھر بھیجی گئی نقد رقم 34 فیصد اضافے سے 14.8 بلین ڈالر ہو گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں یہ اضافہ ڈالر کی غیر سرکاری خرید و فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد سامنے آیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے توقع ظاہر کی ہے کہ ترسیلات زر گزشتہ سال کے 30 ارب ڈالر سے بڑھ کر اس سال 35 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ جائیں گے۔

خیال رہے کہ سٹیٹ بینک نے ترسیلات زر کے حوالے سے گزشتہ دنوں جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا تھا کہ رواں مالی سال کے 5 ماہ میں پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ رقم پاکستان بھیجی گئی ہے۔

رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں سعودی عرب سے 3.65 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجی گئیں، جولائی سے نومبر تک یو اے ای سے 2.95 ارب ڈالر بھیجے گئے، پانچ مہینوں میں برطانیہ سے 2.18 ارب ڈالر بھیجےگئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں