ڈیزل سستا، پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا جس کے مطابق 15 دسمبر سے یکم جنوری 2025 تک پٹرول کی قیمت252 روپے 10 پیسے فی لٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 5  پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 78 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔

قیمتوں میں کمی کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 255 روپے 38 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت148 روپے 95 پیسے ہوگئی، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

واضح رہے کہ یکم دسمبر کوحکومت نے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 29 پیسے اضافہ کیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں