اسرائیل کا گولان کی پہاڑیوں پر یہودی بستیوں میں توسیع کا اعلان

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل نے گولان کی پہاڑیوں پر یہودی بستیوں میں توسیع کا اعلان کردیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل قبضہ جاری رکھے گا اور گولان کی پہاڑیوں پر یہودی آباد کاری کو بڑھائے گا، گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی دفاع کو مضبوط کیا جائے گا۔

نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ گولان کی پہاڑیوں کو مضبوط کرنا اسرائیل کو مضبوط کرنے کے برابر ہے، اسرائیلی فوج گولان کی پہاڑیوں پر شام کے ساتھ بفر زون میں موجود رہے گی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان غزہ اور شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران غزہ میں زیر حراست اسرائیلی اور غیر ملکی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے حالیہ پیش رفت پر بھی بات چیت کی گئی۔

شام کی صورتحال سے متعلق گفتگو میں نیتن یاہو نے کہا کہ شام کے ساتھ تنازع میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے، شام میں اسرائیلی کارروائیوں کا مقصد ممکنہ خطرات کو ناکام بنانا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں